نذیر میرٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ستم کا تیر جو ہے وہ تری کمان میں ہے (غزل)
ستم کا تیر جو ہے وہ تری کمان میں ہے
جو کہہ چکا ہوں میں وہ ہی مرے بیان میں ہے
میں خالی جسم ہی گھر سے نکل کے آیا ہوں
مری جو جان ہے اب بھی اسی مکان میں ہے
اسی لئے تو سبھی ہم پہ ہو گئے حاوی
یہ پھوٹ آپسی جو اپنے خاندان میں ہے
مری طرف جو یہ دیکھے تو اس سے بات کروں
یہ میرا دوست مگر جانے کس کے دھیان میں ہے
اگر میں چاہوں حریفوں پہ چوٹ بھی کر دوں
سخن کا تیر اک ایسا مری کمان میں ہے
غرور جسم پہ اور جان پہ ارے توبہ
نہ جانے مٹی کا پتلا یہ کس گمان میں ہے
مکاں پہ جا کے ذرا اس کے ٹھاٹ دیکھ نظیرؔ
گدا بھی آج کا یہ کتنی آن بان میں ہے
ہما شما کو نہیں دوست ہی کو بھول گیا (غزل)
ہما شما کو نہیں دوست ہی کو بھول گیا
نہ بھولنا تھا جسے وہ اسی کو بھول گیا
تونگری نے بدل ہی دیا ہے اس کا مزاج
وہ مجھ کو اور مری دوستی کو بھول گیا
کمی تو مے کی نہیں تھی مگر مرا ساقی
کسی کو جام دیا اور کسی کو بھول گیا
اطاعتیں ہی تو جینے کا عین مقصد ہے
خدا کا بندہ مگر بندگی کو بھول گیا
وہ میری جان کا دشمن ہے جانتا تھا میں
ملا جو ہنس کے تو میں دشمنی کو بھول گیا
قفس میں رہنے کا صیاد یہ نہیں مطلب
قفس میں رہ کے میں پرواز ہی کو بھول گیا
تمام عمر میں شاید تری تلاش میں تھا
تو مل گیا تو میں آوارگی کو بھول گیا
سفر طویل تھا اور میں تھکا ہوا تھا نذیرؔ
لگن تھی اتنی کہ واماندگی کو بھول گیا