پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نذیر حسین صدیقی کی غزلیں — Nazeer Hussain Siddiqui Ghazals

نذیر حسین صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گرمیٔ بزم ہے اک رقص شرر ہونے تک (غزل)

گرمیٔ بزم ہے اک رقص شرر ہونے تک

چین سے بیٹھیں وہ آہوں میں اثر ہونے تک

ضبط کرتی تھی مری بے خودیٔ شوق کہیں

پہنچا منزل پہ میں سامان سفر ہونے تک

وجہ تسکیں ہے یہ مجھ کو شب تنہائی میں

باتیں کرتا ہوں ترے غم سے سحر ہونے تک

کتنا برباد کرے دیکھیے یہ شوق فروغ

خاک کے ذروں کو ہم رنگ شرر ہونے تک

اب تو آتا ہے مجھے اپنی ہنسی پر رونا

آرزو ہنسنے کی تھی چشم کے تر ہونے تک

کسی پہلو نہیں ملتا شب غم دل کو سکوں

ایک حالت سے تڑپتا ہوں سحر ہونے تک

بسکہ ہے جلوۂ دنیا سبب مرگ نگاہ

چاہیے قطع نظر ذوق نظر ہونے تک

کاش بن جائیں یہ نقطے ورق ہستی کے

اشک غم دامن رنگیں پہ گہر ہونے تک

اب تو ہر ذرہ اک آئینۂ عرفاں ہے مجھے

تھی یہ سب بے خبری اپنی خبر ہونے تک

وہ جفا دوست ہوں ملتی نہیں راحت مجھ کو

وقف تیغ نگہ و تیر نظر ہونے تک

کتنا پرکیف ہے جذبات میں ڈوبا ہونا

کیوں فرشتہ بنوں دنیا میں بشر ہونے تک

ترا دل بھی ہے عجب فکر فراموش جنوںؔ

مٹ گئے رات کے سب رنج سحر ہونے تک

زباں خموش و نظر بے قرار ہے اب تک (غزل)

زباں خموش و نظر بے قرار ہے اب تک

چلا بھی آ کہ ترا انتظار ہے اب تک

یہ سب نمود و نمائش ہے خاص تیرے لیے

ترے لیے ہی چمن میں بہار ہے اب تک

نفس نفس میں ہے بے تاب آرزو تیری

نظر نظر کو ترا انتظار ہے اب تک

تری جفاؤں سے ہر قلب ہو چکا نالاں

زہے وہ دل کہ جو تجھ پر نثار ہے اب تک

نہیں کسی کو کسی پر جو اختیار نہ ہو

تجھے تو دل پہ مرے اختیار ہے اب تک

اثر خزاں کا ہر اک شے سے ہو چکا ظاہر

بہار حسن پہ حسن بہار ہے اب تک

زبان غیر ترے راز فاش کرتی ہے

مری نگاہ مگر پردہ دار ہے اب تک

چمن طراز محبت ہے دل کی گل کاری

روش روش مرے خوں کی بہار ہے اب تک

تری زباں نے جو وعدے کیے وفا نہ کیے

تری زباں کا مگر اعتبار ہے اب تک

تمہارے غم میں اسے لطف کچھ ملا ایسا

ہمارے دل کو خوشی ناگوار ہے اب تک

دلوں میں یاد تری چٹکیاں سی لیتی ہے

زباں پہ ذکر ترا بار بار ہے اب تک

شہید ناز ہوئیں کتنی بلبلیں افسوس

بہار اپنی جگہ پر بہار ہے اب تک

یہ جانتا تو میں یوں اس کو دیکھتا نہ جنوں

مری نگاہ سے وہ شرم سار ہے اب تک

مزید غزلیں از نذیر حسین صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں