نذیر اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرا خدا مجھے جینے کا حوصلہ دے گا (غزل)
مرا خدا مجھے جینے کا حوصلہ دے گا
میں جب چلوں گا تو دریا بھی راستہ دے گا
وہ میری پہلی محبت ہے بے وفا ہی سہی
ملے گا جب تو کوئی زخم پھر نیا دے گا
پہن لی اس لیے ہم نے بھی پاؤں میں زنجیر
چھلے گا زخم تو کچھ اور بھی مزا دے گا
میں اپنا خون بھی اس کو معاف کر دوں گا
یہ دیکھ کر مرا قاتل مجھے دعا دے گا
بھٹک رہے ہیں سمندر میں راستہ کھو کر
کوئی پرندہ ہی ساحل کا اب پتا دے گا
دیکھا تھا ایک بار تجھے جلوہ گاہ میں (غزل)
دیکھا تھا ایک بار تجھے جلوہ گاہ میں
روشن کئی چراغ ہیں اب تک نگاہ میں
آنکھوں میں اشک دل میں خلش سوز آہ میں
ہے اک جہان درد محبت کی راہ میں
اہل جنوں کی وسعت فکر و نظر نہ پوچھ
ہے ماورائے دہر بھی ان کی نگاہ میں
میں جس کو اک سکون کی منزل بنا سکوں
ایسا کوئی مقام نہیں میری راہ میں
نظارہ و نظر کا تعلق تو دیکھیے
جلوے سمٹ کے آ گئے حد نگاہ میں
دنیا میں جب غموں کو ٹھکانہ نہ مل سکا
سب آ گئے سمٹ کے ہماری پناہ میں
اب کوئی دلکشی نہ رہی وجہ دل کشی
چھائی ہے بے ثباتیٔ دنیا نگاہ میں