پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نذیر انصاری کی غزلیں — Nazeer Ansari Ghazals

نذیر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی صورت کسی پہلو سکون دل نہیں ملتا (غزل)

کسی صورت کسی پہلو سکون دل نہیں ملتا

کہاں ڈھونڈیں وہ جان رونق محفل نہیں ملتا

عقیدت ہے محبت ہے بڑی قربت بھی ہے لیکن

خدا جانے کہ کیوں مجھ سے تمہارا دل نہیں ملتا

میں واقف ہوں دل بسمل کہ تیرا مدعا کیا ہے

پریشاں ہیں نگاہیں کوچۂ قاتل نہیں ملتا

مزاج یار کی صورت زمانہ رخ بدلتا ہے

کبھی ماضی سے میرا حال و مستقبل نہیں ملتا

یہ دنیا دل ربا بھی ہے یہ دنیا بے وفا بھی ہے

یہاں ہر چیز ملتی ہے سکون دل نہیں ملتا

یہاں آساں نہیں جینا یہاں مرنا بھی مشکل ہے

محبت میں کسی کو مدعائے دل نہیں ملتا

زمانہ تھا انہی موجوں پہ میری حکمرانی تھی

ہوا یہ حال کشتی کو بھی اب ساحل نہیں ملتا

ستاروں دو گھڑی کے واسطے آنکھیں ہمیں دے دو

زمیں کا یہ عجوبہ ہے مہ کامل نہیں ملتا

جسے وہ مل گیا ہو جس کا وہ طالب تھا دنیا میں

نذیرؔ ایسا کوئی ڈھونڈے سے بھی سائل نہیں ملتا

قرار تجھ کو دل بے قرار آ جائے (غزل)

قرار تجھ کو دل بے قرار آ جائے

تڑپ کچھ ایسے کہ ظالم کو پیار آ جائے

نوازشوں پہ اگر حسن یار آ جائے

زبان خار کو نطق ہزار آ جائے

طلوع صبح سے روشن چراغ رکھتے ہیں

کٹے بھی دن وہ شب انتظار آ جائے

ترا بھی اے غم دوراں میں زور دیکھوں گا

ذرا سکوں میں دل سوگوار آ جائے

غضب کی دھوپ ہے اے دل نہ بیٹھ رستے میں

ٹھہر ٹھہر شجر سایہ دار آ جائے

اسی فریب کو حسن فریب کہتے ہیں

وہ جھوٹ بول کہ سچ کو بھی پیار آ جائے

نگار خانۂ احباب سے غرض مجھ کو

کسی شمار میں یہ خاکسار آ جائے

غموں کی شرح سے بزم جہاں میں رونق ہے

بپا ہو حشر اگر اختصار آ جائے

بڑی حسین زمانے کی چال ہے لیکن

فریب میں دل ناپختہ کار آ جائے

نذیرؔ صبح نہ پھر وقت شام دیکھیں گے

نظر میں حاصل لیل و نہار آ جائے

مزید غزلیں از نذیر انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں