Nazeer Ali Adeel کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہنے والے ترے عارض کو کنول کہتے ہیں (غزل)
کہنے والے ترے عارض کو کنول کہتے ہیں
ہم اسے دیکھ کے نظروں میں غزل کہتے ہیں
اپنے ہمراہ لئے جاتے ہیں مرنے والے
ایک ہی چیز جسے فرد عمل کہتے ہیں
جس کو اپنا نہ کہا عمر بھر اس کے نہ ہوئے
آپ جو بات بھی کہتے ہیں اٹل کہتے ہیں
حضرت شیخ مسائل سے تو واقف ہیں مگر
وہی غائب ہے جسے ذوق عمل کہتے ہیں
جس کا ممنون کرم امن و اماں ہوتا ہے
ہم حقارت سے اسے جنگ و جدل کہتے ہیں
یاد محبوب اگر شکل میں ڈھل جاتی ہے
دیکھنے والے اسے تاج محل کہتے ہیں
آپ کہہ دیجے حریفان سخن سے یہ عدیلؔ
جو سخنور ہیں وہ اس طرح غزل کہتے ہیں
عدم کے مسافر تو سب ہیں مگر (غزل)
عدم کے مسافر تو سب ہیں مگر
نہیں ہے کسی کا کوئی ہم سفر
میں روتا نہیں ہوں انہیں دیکھ کر
تمازت سے جلوے کی ہے چشم تر
نہیں وہ کہاں اور کب جلوہ گر
اگر آنکھ میں ہو شعور نظر
دعا میں خلوص دعا ہو اگر
چلا آئے گا ہاتھ باندھے اثر
جب اس رخ سے گیسو ہٹائے گئے
گلے مل کے بچھڑے ہیں شام و سحر
مرے ڈوبنے تک ہے اس کا وجود
مجھے رحم آتا ہے طوفان پر
نہ ہو کیوں امید آدمی کو عدیلؔ
یہ دنیا ہی قائم ہے امید پر