نذر جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنے ہونے کی ارزانی ختم ہوئی (غزل)
اپنے ہونے کی ارزانی ختم ہوئی
مشکل سے یہ تن آسانی ختم ہوئی
تجھ کو کیا معلوم ہماری بینائی
کیسے ہو کر پانی پانی ختم ہوئی
بہتا ہے چپ چاپ بچھڑ کر چوٹی سے
دریا کی پر شور روانی ختم ہوئی
مٹی کی آواز سنی جب مٹی نے
سانسوں کی سب کھینچا تانی ختم ہوئی
دل پر سارے موسم بیت گئے جاویدؔ
یعنی خوشبو دار کہانی ختم ہوئی
ہم یوں ہی بکھرے نہیں ہر سو خس و خاشاک میں (غزل)
ہم یوں ہی بکھرے نہیں ہر سو خس و خاشاک میں
ہیں نمو بر دوش رنگ و بو خس و خاشاک میں
اس کے ہونے کا گماں رہتا ہے میرے آس پاس
ہر طرف رچ بس گئی خوشبو خس و خاشاک میں
ہو ثمر آور ہماری آبلہ پائی کہیں
چین آ جائے کسی پہلو خس و خاشاک میں
چاہئے ہوتی ہے کشت زر کو جب بھی کچھ نمو
میں بہا دیتا ہوں کچھ آنسو خس و خاشاک میں
جانتی ہے وہ بصیرت تک کو الجھانے کا فن
جو کشش ہے صورت جادو خس و خاشاک میں
جب ادھر اٹھتے ہیں طالع آزماؤں کے قدم
بجھنے لگتے ہیں ادھر جگنو خس و خاشاک میں
یہ تو اے جاویدؔ گزرے موسموں کی راکھ ہے
آخرش کیا ڈھونڈھتا ہے تو خس و خاشاک میں