نظر جالنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تڑپ حیات سے باہم نہیں تو کچھ بھی نہیں (غزل)
تڑپ حیات سے باہم نہیں تو کچھ بھی نہیں
خوشی کے ساتھ اگر غم نہیں تو کچھ بھی نہیں
ہزار روئیے حال تباہ پر اپنے
کسی کی آنکھ اگر نم نہیں تو کچھ بھی نہیں
تمہاری بات مسیحا صفت سہی لیکن
ہمارے زخم کا مرہم نہیں تو کچھ بھی نہیں
غلط ہے خون کے آنسو بہانا مرنے پر
جو زندہ لاش کا ماتم نہیں تو کچھ بھی نہیں
ہزار رنگ سے محفل سجا کے تم دیکھو
تمہارے ساتھ اگر ہم نہیں تو کچھ بھی نہیں
چمن کو ناز نہ ہو جس پہ وہ بہار ہی کیا
اگرچہ پھول پہ شبنم نہیں تو کچھ بھی نہیں
نظرؔ ضرور ہے ہاتھوں میں ان کے جام مگر
نظرؔ میں کیف کا عالم نہیں تو کچھ بھی نہیں
کسی سے کوئی نہ پوچھے مزاج کیسا ہے (غزل)
کسی سے کوئی نہ پوچھے مزاج کیسا ہے
تمہاری بزم کا جانے رواج کیسا ہے
کسی طرح بھی نہ زخم جگر بھرے اب تک
نہ پوچھو زخم ہیں کیسے علاج کیسا ہے
سکوں نصیب نہیں روشنی میں ہیروں کی
کسی نصیب میں ہیروں کا تاج کیسا ہے
بڑے خلوص سے کل تک گلے جو ملتا تھا
چھپائے ہاتھ میں خنجر وہ آج کیسا ہے
ہوئے سماج میں پیدا سماج کے دشمن
جدید دور کا دیکھو سماج کیسا ہے
پہنچ سکی در انصاف پر نہ جب آواز
جفائے وقت پہ یہ احتجاج کیسا ہے