پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nazar Hyderabadi کی غزلیں — Nazar Hyderabadi Ghazals

Nazar Hyderabadi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل محو تماشائے لب بام نہیں ہے (غزل)

دل محو تماشائے لب بام نہیں ہے

پیغام بہ اندازۂ پیغام نہیں ہے

اے جان گراں سیر ترا رہبر و رہزن

ہے کون اگر وقت سبک گام نہیں ہے

جو تیرے دیار‌ رخ و کاکل میں نہ گزرے

وہ صبح نہیں ہے وہ مری شام نہیں ہے

اس پرسش حالات کے انداز کے قرباں

کس طرح کہوں میں مجھے آرام نہیں ہے

کیا بات ہے اے تلخئ آزار محبت

فہرست شہیداں میں مرا نام نہیں ہے

مے خانے میں اور شورش ایام در آئے

افسوس کہ ہاتھوں میں مرے جام نہیں ہے

اکثر لب شاعر سے جو سنتا ہے زمانہ

وہ زیست کی آواز ہے الہام نہیں ہے

اے مست مے شوق سنبھال اپنے سبو کو

دنیا ہے یہ خم‌ خانۂ خیام نہیں ہے

اک طرفہ تماشا ہے نظرؔ تیری طبیعت

شاعر بھی ہے اور شہر میں بدنام نہیں ہے

شہر آلام کا شہریار آ گیا (غزل)

شہر آلام کا شہریار آ گیا

سر برہنہ مرا تاجدار آ گیا

صبح خنداں لئے روئے تاباں لئے

شام غربت ترا غم گسار آ گیا

صبر ارزاں ہوا جبر لرزاں ہوا

صاحب شان صد اختیار آ گیا

نالہ کارو اٹھو سوگوارو اٹھو

بے‌ قرارو کوئی بے قرار آ گیا

کائنات اپنی ہے اب حیات اپنی ہے

غم کشو غم زدو غم گسار آ گیا

تازہ اب غم نہ کر خم کو اب خم نہ کر

ساقیا حاصل انتظار آ گیا

جام چھلکا دیا شعلہ بھڑکا دیا

یاد آخر زلیخا کا پیار آ گیا

رات کھلنے لگی چاندنی دھل گئی

ماہ وش مہ شکن مہ شعار آ گیا

زخم پنہاں مہک طائر جاں لہک

گل بدن گل جبیں گل عذار آ گیا

بات کیوں روک لی آنکھ کیوں نم ہوئی

مجھ کو دیکھو مجھے اعتبار آ گیا

آپ سوچیں نظرؔ کس لئے مست ہے

آپ کے ساتھ ابر بہار آ گیا

لڑکپن کی خوشیوں کا اعجاز ہیں ہم (نظم)

لڑکپن کی خوشیوں کا اعجاز ہیں ہم

ٹھہرتے نہیں جوش پرواز ہیں ہم

کہ ماں باپ کے دل کی آواز ہیں ہم

ہمارا گلستاں ہماری بہاریں

ہمیں ہیں بزرگوں کو بہلانے والے

شرارت میں دلچسپیاں پانے والے

ستاروں سے لڑ لڑ کے سو جانے والے

ہماری بہاریں ہمارا گلستاں

کبھی جوش میں جھوم کر ہم جو گائیں

کبھی مست ہو کر جو دھومیں مچائیں

فرشتے نگاہوں میں جلوے دکھائیں

گھٹاؤں نے ہم کو مچلنا سکھایا

ہواؤں نے کروٹ بدلنا سکھایا

ستاروں نے بے خوف چلنا سکھایا

گل زندگی ہے نکھرتے رہیں گے

نکھرتے رہیں گے سنورتے رہیں گے

نئی منزلوں سے گزرتے رہیں گے

مزید غزلیں از Nazar Hyderabadi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں