Nazar Dwivedi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غلط کیا ہے سبھی ہم کو اگر ناکام کہتے ہیں (غزل)
غلط کیا ہے سبھی ہم کو اگر ناکام کہتے ہیں
سمجھ پائے اسے کب ہم جسے الہام کہتے ہیں
لیے بازار میں ہستی کھڑے ہیں آج اپنی ہم
لگا لو جتنا دل چاہے ہمارا دام کہتے ہیں
اگر پرچم اٹھاؤ گے بغاوت کا تو طے مانو
نظارا جو دکھے گا اس کو قتل عام کہتے ہیں
گناہوں میں رہے ہوں ہم بھی شامل کیا ضروری ہے
مگر منصف ہمارا ہی لکھے گا نام کہتے ہیں
ہمیشہ ہی بلندی پر نہیں رہتا کوئی ٹک کر
ڈھلے گی دوپہر بھی اور ہوگی شام کہتے ہیں
دوپٹہ رام نامی اوڑھنے سے کچھ نہیں ہوگا
اگر شبری بنوگے تو ملیں گے رام کہتے ہیں
نظرؔ آدھے ادھورے من سے کچھ حاصل نہیں ہوتا
غلط آغاز کو بھی ہم غلط انجام کہتے ہیں
ماں باپ کی اپنے جو بھی عزت نہیں کرتے (غزل)
ماں باپ کی اپنے جو بھی عزت نہیں کرتے
رہتے ہیں پریشان وہ برکت نہیں کرتے
جیتے ہیں یہاں بن کے جو دولت کے پجاری
وہ لوگ اصولوں کی حفاظت نہیں کرتے
دیتا جو کوئی ہم پہ ذرا سی بھی توجہ
محفل سے تری خود کو بھی رخصت نہیں کرتے
رتبہ ہے بڑا تیرا مگر ہم بھی تو کچھ ہیں
ہر بات سے اپنے کو تو سہمت نہیں کرتے
زندہ ہے تری شکل ہی الفاظ کی صورت
شعلوں کے حوالے جو ترے خط نہیں کرتے
رہتا ہے ہمیں یاد نظامت ہے اسی کی
دنیا کی کسی شے سے بھی نفرت نہیں کرتے
پتوار تھما دی ہے نظرؔ کب سے اسی کو
چوکھٹ پہ زمانہ کی تو منت نہیں کرتے