پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nazar Barni کی غزلیں — Nazar Barni Ghazals

Nazar Barni کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم کو نہیں ہے یاد ابھی کل کی بات ہے (غزل)

تم کو نہیں ہے یاد ابھی کل کی بات ہے

باہم تھا اتحاد ابھی کل کی بات ہے

منزل تھی ایک جس پہ بہم گامزن رہے

بالکل نہ تھا تضاد ابھی کل کی بات ہے

اک روشنی تھی دل میں بہت پاک و صاف تھے

ایسا نہ تھا عناد ابھی کل کی بات ہے

بنیاد خود ہی آپ نے رکھی نفاق کی

شیر و شکر تھے شاد ابھی کل کی بات ہے

صحن چمن میں اپنے نظرؔ تھی عجب بہار

تھا دور ابر و باد ابھی کل کی بات ہے

لیتا ہوں تیرا نام ہر اک نام سے پہلے (غزل)

لیتا ہوں تیرا نام ہر اک نام سے پہلے

کچھ ذکر نہیں کرتا ہوں اس کام سے پہلے

منزل کی صعوبت کبھی آزار نہ ہوگی

میں نام ترا لیتا ہوں ہر گام سے پہلے

ہے عشق کا آغاز ہی انجام کا حاصل

انجام نظر آتا ہے انجام سے پہلے

میں خود ہی چلا جاؤں گا میخانے سے اٹھ کر

ساقی سے جو لڑ جائے نظر جام سے پہلے

رندان بلا نوش کی ہے بات ہی کچھ اور

مے پیتے نہیں شیخ کبھی شام سے پہلے

وحشت میں زمانہ مجھے بدنام نہ کرتا

ہو جاتا رفو چاک جو الزام سے پہلے

کہتے ہیں وہی آپ جو کہتا ہے زمانہ

کچھ اور بھی کہہ لیجئے بدنام سے پہلے

یہ ان کی عنایت سے مرا حال ہوا ہے

کچھ وار عطا کرتے ہیں انعام سے پہلے

کہتا ہوں غزل ان کے تصور میں نظرؔ جب

عالم ہی عجب ہوتا ہے الہام سے پہلے

وہی بیگم کی خوں خواری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے (نظم)

وہی بیگم کی خوں خواری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

وہی دیرینہ بیماری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

وہی ٹر ٹر وہی خفگی وہی غمزے وہی عشوے

وہی طعنوں کی بیماری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

بڑھاپے میں بھی ان کو شوق ہیں عہد جوانی کے

''لپ اسٹک'' کی خریداری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

وہی ہے روٹھنا ان کا وہی میکے کی ہے دھمکی

وہی ذلت وہی خواری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

کبھی ہے ساس کا رونا کبھی نندوں سے ہے جھگڑا

زباں ہے ان کی ''دودھاری'' جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

فقط اپنے ہی میکے کی کیا کرتی ہیں تعریفیں

میری اماں سے بے زاری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

ادب کا ڈاکٹر بن کر ملا کیا ہم غریبوں کو

غریبی اور بیکاری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

ہوئی شادی ہوئے بچے نظرؔ کا حال ہے پتلا

وہی اب بھی ہے لاچاری جو پہلے تھی سو اب بھی ہے

مزید غزلیں از Nazar Barni ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں