Nazar Aitawi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی گردش ایام سے آگے نہ بڑھی (غزل)
زندگی گردش ایام سے آگے نہ بڑھی
داستاں میری ترے نام سے آگے نہ بڑھی
چشم ساقی کی حقیقت کو وہ کیا سمجھیں گے
مے کشی جن کی کبھی جام سے آگے نہ بڑھی
کتنے ہی جلوے نمایاں تھے فضا میں اے دوست
اور نظر تھی کہ در و بام سے آگے نہ بڑھی
ان سے پھر عرض تمنا پہ ہوئے ہم مجبور
بات جب نامہ و پیغام سے آگے نہ بڑھی
زندگی بن گئی میرے لیے پیچیدہ سوال
آرزو جب دل ناکام سے آگے نہ بڑھی
یوں تو لکھنے کو بہت کچھ تھا محبت میں مگر
شاعری میرؔ ترے نام سے آگے نہ بڑھی
مجھے تم سے غم کی شکایت نہیں (غزل)
مجھے تم سے غم کی شکایت نہیں
ندامت کی کوئی ضرورت نہیں
خدا کی قسم تم تو پھر دوست ہو
مجھے دشمنوں سے بھی نفرت نہیں
وہاں دل کے سودے سے کیا واسطہ
جہاں پیار کی کوئی قیمت نہیں
اسے راس آئے گی کیا زندگی
ترے نام سے جس کو نسبت نہیں
وفاؤں کا مجھ سے نہ سودا کرو
مرا پیار کوئی تجارت نہیں
فقط اک ملاقات مقصود ہے
نظرؔ کی کوئی اور حسرت نہیں