پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نازاں جمشید پوری کی غزلیں — Nazan Jamshedpuri Ghazals

نازاں جمشید پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کام اب آتی نہیں ہے کوئی تدبیر کہ بس (غزل)

کام اب آتی نہیں ہے کوئی تدبیر کہ بس

اس طرح روٹھی ہے مجھ سے مری تقدیر کہ بس

دشمن جاں بھی چلا آئے کھنچا آپ کے پاس

کیجئے آہوں میں پیدا کوئی تاثیر کہ بس

بعد مرنے کے کھلی رہ گئیں آنکھیں میری

اس قدر آپ نے کی آنے میں تاخیر کہ بس

ٹوٹ کر چور ہوا آئنۂ دل میرا

ہائے کچھ ایسی ملی خوابوں کی تعبیر کہ بس

رنج و غم درد و الم دیدۂ نم یار صنم

اور کچھ اس کے سوا ہے کوئی جاگیر کہ بس

جس کو فردوس زمیں کہتی تھی دنیا نازاںؔ

کیا وہی آج بھی ہے وادئ کشمیر کہ بس

بدلے میں دعاؤں کے کبھی زر نہیں لیتے (غزل)

بدلے میں دعاؤں کے کبھی زر نہیں لیتے

احسان کسی کا بھی قلندر نہیں لیتے

خود منزل مقصود لپٹ جاتی ہے ان سے

رہبر کا سہارا وہ کہیں پر نہیں لیتے

سو جاتے ہیں بورے پہ چٹائی پہ کہیں بھی

مفلس تو کبھی مخملی بستر نہیں لیتے

ہو جائے جہاں رات وہیں دن کو بسیرا

بے چارے یہ بنجارے کہیں گھر نہیں لیتے

سب لوٹ لیا کرتے ہیں بلوائی فسادی

اجڑے ہوئے لوگوں کا مقدر نہیں لیتے

اشکوں سے ہی ہم پیاس بجھا لیتے ہیں نازاںؔ

خوددار ہیں کچھ ایسے سمندر نہیں لیتے

مزید غزلیں از نازاں جمشید پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں