پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نزاکت اللہ خاں فیضی کی غزلیں — Nazakat Ullah Khan Faiz Ghazals

نزاکت اللہ خاں فیضی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مری نظر بس مری نظر تھی مگر تمہاری نظر سے پہلے (غزل)

مری نظر بس مری نظر تھی مگر تمہاری نظر سے پہلے

وجود سے اپنے بے خبر تھا مگر تمہاری خبر سے پہلے

یہ شب کی تاریکیاں بھی کب سے ترے ہی جلوے کی منتظر ہیں

مگر اے خورشید تاباں تیری ضیا ہو کیونکر سحر سے پہلے

رہے ہو پابند رسم کہنہ کے میکدے میں بھی تم وگرنہ

نگاہ ساقی میں تھا اشارہ بتاؤ دوں میں کدھر سے پہلے

ہجوم ہے میکشوں کا ساقی تری بھی دریا دلی کی خاطر

ہر ایک لب پر یہی صدا ہے ادھر سے پہلے ادھر سے پہلے

جہاں کو ہم نے لہو سے اپنے یہ بزم آرائیاں عطا کیں

کہاں تھی یہ روشنی بتاؤ ہمارے خون جگر سے پہلے

نگر ہوا جل کے خاک سارا کسے خبر ہے خیال کس کو

ہمیں پتہ ہے تو صرف اتنا لگی تھی آگ اپنے گھر سے پہلے

چلوں گا میں ساتھ کارواں کے مگر ذرا ٹھہر جاؤ فیضیؔ

کہاں لٹے گا یہ کارواں پھر یہ پوچھ لوں راہبر سے پہلے

ترے در کے سوا سجدوں کو بہلانے کہاں جاتے (غزل)

ترے در کے سوا سجدوں کو بہلانے کہاں جاتے

ہم آخر عقدۂ مشکل کو سلجھانے کہاں جاتے

بجز دشت محبت دل کو بہلانے کہاں جاتے

جنہیں ٹھکرا دیا تو نے وہ دیوانے کہاں جاتے

تری بے التفاتی کا کرم ہم پر ہوا ورنہ

دل غم آشنا کو غم سے بہلانے کہاں جاتے

مشیت رزق پہنچاتی نہ گر افلاک میں مجھ کو

تو میرے نام کے لکھے ہوئے دانے کہاں جاتے

غنیمت ہے جو رکھ لی بیکسی کی لاج موجوں نے

مری میت کو ورنہ لوگ دفنانے کہاں جاتے

خود اپنی بستیاں ویران کرکے جوش وحشت میں

نہ جاتے چاند پر تو پھر یہ دیوانے کہاں جاتے

اجل کو رحم آیا بیکسوں کے حال پر فیضیؔ

وگرنہ بزم سے اٹھ کر یہ دیوانے کہاں جاتے

مزید غزلیں از نزاکت اللہ خاں فیضی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں