پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naz Qadri کی غزلیں — Naz Qadri Ghazals

Naz Qadri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ کوئی تیر نہ کوئی کمان باقی ہے (غزل)

نہ کوئی تیر نہ کوئی کمان باقی ہے

مگر وہ اک نگہ مہربان باقی ہے

اڑا کے لے گئیں ہجرت کی آندھیاں سب کچھ

بس اپنے سر پہ کھلا آسمان باقی ہے

اک اور تیر چلا اپنا عہد پورا کر

ابھی پرندے میں تھوڑی سی جان باقی ہے

فضا میں گونج رہی ہے صدائے مظلوماں

زباں خموش ہے لیکن بیان باقی ہے

مٹا سکا نہ کبھی وقت کا غبار اسے

فصیل شب پہ لہو کا نشان باقی ہے

ہمارے شہر پہ ویرانیاں مسلط ہیں

مکیں تو کوئی نہیں ہے مکان باقی ہے

نفس نفس ہے وہی آزمائشوں کا سفر

قدم قدم پہ وہی امتحان باقی ہے

مثل یہ سچ ہے کہ رسی کے بل نہیں جاتے

اکھڑ چکی ہے ہوا آن بان باقی ہے

عطا ہوئی ہے ہمیں ایسی جرأت پرواز

کہ پر شکستہ ہیں لیکن اڑان باقی ہے

کسی کنارے لگا دے گی مہربان ہوا

شکستہ ناؤ سہی بادبان باقی ہے

دعا کے ہاتھ بھی شل ہو گئے مگر اے نازؔ

وہی زمین وہی آسمان باقی ہے

گود میں ذرات کی سر اپنا رکھ کر سو گیا (غزل)

گود میں ذرات کی سر اپنا رکھ کر سو گیا

پیاس کی دہلیز پر دریا کا منظر سو گیا

کچھ نظر آتا نہیں آئینۂ ایام میں

عکس حیرت جاگ اٹھا خوابوں کا پیکر سو گیا

درد کو درماں بنانے کا ہنر رکھتا تھا وہ

اوڑھ کر جو وقت کی خوش رنگ چادر سو گیا

جس کا رشتہ تھا جہان آگہی کے کرب سے

وہ پیام امن کا حامی کبوتر ہو گیا

ہم ہی غم خوار تمنا تھے نہ سوئے صبح تک

جب در و دیوار کو نیند آ گئی گھر سو گیا

خاک اڑتی ہے سر صحن تمنا چار سو

دیدنی جو کچھ بھی تھا منظر بہ منظر سو گیا

عہد نو نے تابش حسن رفاقت چھین لی

قریۂ جاں میں محبت کا سمندر سو گیا

موسم سفاک نے وہ صبح روشن کی ہے نازؔ

قطرۂ شبنم سر شاخ گل تر سو گیا

مزید غزلیں از Naz Qadri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں