Naz Nizami کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ ماہر زبان و بیاں ماہر سخن (غزل)
وہ ماہر زبان و بیاں ماہر سخن
غالب کے ہم نوا وہ شناسائے علم و فن
تاثیر تھی زباں میں تو گفتار پرکشش
اب بھی مجھے ہے یاد وہ لہجے کا بانکپن
عابد معلمی کو عبادت سمجھتے تھے
تحقیق تھی عمامہ تو تنقید پیرہن
خود ان ہی کے جلائے چراغوں کے نور سے
علم و عمل کی آج بھی روشن ہے انجمن
راہ خاموش راہ بر خاموش (غزل)
راہ خاموش راہ بر خاموش
کارواں لٹ گیا سفر خاموش
وقت پڑنے پہ ہر نظر خاموش
درد بڑھنے پہ چارہ گر خاموش
خانۂ دل میں ہو کا عالم ہے
اور دیوار و بام و در خاموش
کیسی اب کے بہار آئی ہے
بلبلیں چپ تو ہیں شجر خاموش
حال دل کب ہے اس سے پوشیدہ
جان کر بھی ہے وہ مگر خاموش
حسن فطرت کا بولتا منظر
کر گیا مجھ کو کس قدر خاموش
کیوں مسلسل ستم اٹھائے کوئی
کیوں رہے کوئی عمر بھر خاموش
جھیلتے جھیلتے عذاب یہاں
ہو گئے نازؔ گھر کے گھر خاموش
مزید غزلیں از Naz Nizami ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں