Naz Muzaffarabadi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس شہر میں رہنے کو ٹھکانہ بھی نہیں تھا (غزل)
اس شہر میں رہنے کو ٹھکانہ بھی نہیں تھا
وہ شہر جسے چھوڑ کے جانا بھی نہیں تھا
اس شخص کی رہ دیکھتے رہتے تھے ہمیشہ
جس شخص کو اس شہر میں آنا بھی نہیں تھا
کچھ زاد سفر پاس نہ تھا دور تھی منزل
رستے میں کوئی یار پرانا بھی نہیں تھا
صحراؤں میں سب خرچ ہوئی عمر کی پونجی
سو پشت سے مجنوں کا گھرانا بھی نہیں تھا
ہر شخص نے لوٹا مجھے حق اپنا سمجھ کر
ہر چند کہ میں قومی خزانہ بھی نہیں تھا
پھر ہم نے تری یاد کو تعویذ بنایا
جینے کا کوئی اور بہانا بھی نہیں تھا
کمال یہ ہے کہ جو بھی ہوا کمال ہوا (غزل)
کمال یہ ہے کہ جو بھی ہوا کمال ہوا
سلوک آپ کا ہر اک سے حسب حال ہوا
نہ شب کو چین نہ دن کو قرار ملتا ہے
یہ زندگی نہ ہوئی خواہشوں کا جال ہوا
کچھ ایسے لوگ بھی تاریخ کا حوالہ ہیں
عروج ان کے لئے باعث زوال ہوا
بتاؤں کیا کہ چمن سے وہ جب ہوا رخصت
پھر اس کے بعد خزاؤں کا جو دھمال ہوا
بچھڑنے والے اگر ہو سکے تو لوٹ آؤ
اسے کہیں گے اگر رابطہ بحال ہوا
مثال اور نہیں ہے بجز نبیٔ اکرم
ہے اک وہی جو زمانے میں بے مثال ہوا
خوشی خوشی سے جیا نازؔ تیری دنیا میں
وگرنہ سب کو پتہ ہے جو اس کا حال ہوا