پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naz Layalpuri کی غزلیں — Naz Layalpuri Ghazals

Naz Layalpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنچل جو ڈھلکتا ہے ان کا کبھی شانوں سے (غزل)

آنچل جو ڈھلکتا ہے ان کا کبھی شانوں سے

پائل کی صدا آ کر ٹکراتی ہے کانوں سے

اپنی ہی ہلاکت کا باعث ہوئے جاتے ہیں

جو تیر نکلتے ہیں آج اپنی کمانوں سے

ہم نے رہ الفت میں آ کر یہی سیکھا ہے

منزل کا پتہ لینا قدموں کے نشانوں سے

اک بار بھی جو سننا ہم کو نہ گوارا تھا

سو بار سنا ہم نے دنیا کی زبانوں سے

جس نے کبھی دنیا کی پروا ہی نہیں کی تھی

وہ نازؔ سے ملتا ہے اب لاکھ بہانوں سے

جیسے جیسے عالم امکاں بدلتا جائے گا (غزل)

جیسے جیسے عالم امکاں بدلتا جائے گا

ذہن انساں نت نئے سانچوں میں ڈھلتا جائے گا

ہو سکے تو اپنی خوشیاں درد کے ماروں میں بانٹ

زندگی کا کارواں تو یوں ہی چلتا جائے گا

عین ممکن ہے اسے دنیا ہوس کا نام دے

دل کا جو ارمان بھی دل سے نکلتا جائے گا

میرے اس اک اشک کی قیمت مرے ہمدم نہ پوچھ

آنکھ سے جو تیرے دامن تک مچلتا جائے گا

نازؔ اس کے ہو نہیں سکتے مراحل سد راہ

جس کو منزل تک پہنچنا ہے وہ چلتا جائے گا

مزید غزلیں از Naz Layalpuri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں