Nayyar Wasti کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں ان حسین نظاروں کے پاس آ نہ سکا (غزل)
میں ان حسین نظاروں کے پاس آ نہ سکا
خزاں نصیب بہاروں کے پاس آ نہ سکا
رہا فلک پہ ستاروں میں جلوہ گر مہتاب
وہ اپنے سینہ فگاروں کے پاس آ نہ سکا
تمام عمر رہا ہمکنار موجوں سے
سفینہ اپنا کناروں کے پاس آ نہ سکا
گدائے عشق کی دولت تھی فقہ و استغنا
وہ مال و زر کے سہاروں کے پاس آ نہ سکا
جہاں میں عام غم روزگار تھا نیرؔ
مگر وہ عشق کے ماروں کے پاس آ نہ سکا
جب نقاب رخ زیبا وہ اٹھا دیتے ہیں (غزل)
جب نقاب رخ زیبا وہ اٹھا دیتے ہیں
دل ہر ذرہ کو آئینہ بنا دیتے ہیں
روح کو سوز دیا داغ جگر کو بخشا
حضرت عشق عجب داد سخا دیتے ہیں
صبح دم صحن گلستاں میں صبا کے جھونکے
آتش درد محبت کو ہوا دیتے ہیں
اب بھی اک غیرت ناہید کے نغمے اکثر
عمر رفتہ کو مری مجھ سے ملا دیتے ہیں
نیرؔ زار کی قسمت بھی جگاتے جاتے
آپ سوئے ہوئے فتنے تو جگا دیتے ہیں
بہار حسن کا تو غنچۂ شاداب ہے سلمیٰ (نظم)
بہار حسن کا تو غنچۂ شاداب ہے سلمیٰ
تجھے فطرت نے اپنے دست رنگیں سے سنوارا ہے
بہشت رنگ و بو کا تو سراپا اک نظارہ ہے
تری صورت سراسر پیکر مہتاب ہے سلمیٰ
ترا جسم اک ہجوم ریشم و کمخواب ہے سلمیٰ
شبستان جوانی کا تو اک زندہ ستارہ ہے
تو اس دنیا میں بحر حسن فطرت کا کنارہ ہے
تو اس سنسار میں اک آسمانی خواب ہے سلمیٰ
جہان قدس کا تو ایک فردوسی فسانہ ہے
تجھے مصر جمال و ناز کی اک ساحرہ کہئے
صنم آباد عفت کی مقدس کافرہ کہئے
رباب حسن کا تو ایک الہامی ترانہ ہے
پرستان لطافت کی تو اک رنگیں کہانی ہے
جواں فطرت کا تو اک گمشدہ خواب جوانی ہے