پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نواز قمر کی غزلیں — Nawaz Qamar Ghazals

نواز قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیسے تمہیں بتاؤں مرے ساتھ کیا ہوا (غزل)

کیسے تمہیں بتاؤں مرے ساتھ کیا ہوا

ہونا نہیں تھا جس کو وہی حادثہ ہوا

پہلے وہ کہہ رہا تھا مری زندگی ہیں آپ

اللہ جانے بعد میں کیا مسئلہ ہوا

ممکن ہے میرا حال بھی اب کے درست ہو

پتھ جھڑ کے بعد جیسے یہ پودا ہرا ہوا

ہم نے کبھی کسی کا برا تو نہیں کیا

پھر کیوں ہمارے ساتھ مسلسل برا ہوا

مجھ کو دکھا وہ راہ جو منزل کو جا سکے

مولا کہ جیسے دریا میں بھی راستہ ہوا

اپنے تمام خوابوں کا خاکہ سمیٹ کر

میں سوچتا ہوں کیسے ہوا اور کیا ہوا

اے یار سن کہ زیست بہت مختصر سی ہے

بس اک دفعہ ہی کہہ دے کہ لے میں ترا ہوا

ظاہر ہے کوئی آئے گا بن کے شریک زیست

اس سے کہوں گا جو بھی ہوا ہے برا ہوا

اک بار میں نے سوچا تھا دیکھوں خود اپنے عیب

ہر فرد پھر نوازؔ مجھے آئنہ ہوا

کتنا دل کش نظر آتا ہے یہ منظر دیکھو (غزل)

کتنا دل کش نظر آتا ہے یہ منظر دیکھو

دوڑے آتے ہیں بیابان میں لشکر دیکھو

تم کو دکھتا ہے فقط میرا تبسم جاناں

حال کیا ہے یہ کبھی جھانک کے اندر دیکھو

زخم دیتا ہے تو کرتا ہے پذیرائی بھی

کتنا معصوم سراپا ہے ستم گر دیکھو

ایک مدت سے رہا کرتے ہیں ان آنکھوں میں

مطمئن ہو تو کبھی دل میں اتر کر دیکھو

تم میاں ڈھونڈتے پھرتے ہو سکوں دنیا میں

اک دفعہ یار تو سجدے میں بھی گر کر دیکھو

مزید غزلیں از نواز قمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں