نواز دیوبندی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے آنے کی جب خبر مہکے (غزل)
تیرے آنے کی جب خبر مہکے
تیری خوشبو سے سارا گھر مہکے
شام مہکے ترے تصور سے
شام کے بعد پھر سحر مہکے
رات بھر سوچتا رہا تجھ کو
ذہن و دل میرے رات بھر مہکے
یاد آئے تو دل منور ہو
دید ہو جائے تو نظر مہکے
وہ گھڑی دو گھڑی جہاں بیٹھے
وہ زمیں مہکے وہ شجر مہکے
سفر میں مشکلیں آئیں تو جرأت اور بڑھتی ہے (غزل)
سفر میں مشکلیں آئیں تو جرأت اور بڑھتی ہے
کوئی جب راستہ روکے تو ہمت اور بڑھتی ہے
بجھانے کو ہوا کے ساتھ گر بارش بھی آ جائے
چراغ بے حقیقت کی حقیقت اور بڑھتی ہے
مری کمزوریوں پر جب کوئی تنقید کرتا ہے
وہ دشمن کیوں نہ ہو اس سے محبت اور بڑھتی ہے
ضرورت میں عزیزوں کی اگر کچھ کام آ جاؤ
رقم بھی ڈوب جاتی ہے عداوت اور بڑھتی ہے
اگر بکنے پہ آ جاؤ تو گھٹ جاتے ہیں دام اکثر
نہ بکنے کا ارادہ ہو تو قیمت اور بڑھتی ہے
مزید غزلیں از نواز دیوبندی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں