پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نواز عصیمی کی غزلیں — Nawaz Asimi Ghazals

نواز عصیمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوا کے زور سے جب بادبان پھٹنے لگے (غزل)

ہوا کے زور سے جب بادبان پھٹنے لگے

مسافر اپنے خداؤں کے نام رٹنے لگے

ہمارے سینوں پے اب بھی بہت جگہ ہے جناب

مگر تمہارے ہی ترکش میں تیر گھٹنے لگے

یزید وقت ہوا جس گھڑی سے تخت نشیں

ہمارے نام کے خنجر ہر اک میں بٹنے لگے

مکان ہم نے بنا تو لیا کنارے پر

نہ ایسا ہو کے کنارے کی ریت کٹنے لگے

تمہاری خوشیاں بھی میری ہیں غم بھی میرے ہیں

یہ مال مفت نہیں جو ہر اک جھپٹنے لگے

اسے چراغ کا رتبہ کہوں یا رعب کہوں

ہوا کے پر مری دہلیز پر سمٹنے لگے

یہ کس نے پھینکا ہے پتھر دھدھکتے شعلوں پر

شرارے ہو کے جدا آگ سے اچٹنے لگے

بہت تھا زعم جنہیں اپنی شہ سواری پر

گرے کچھ ایسے کے سینہ کے بل گھسٹنے لگے

تیرے محل کے حصاروں کی اینٹ جھڑنے لگیں

نہ ایسا ہو تیرا شاہی وقار گھٹنے لگے

ہوئے ہیں شہر بدر ہم مگر خدا نہ کرے

مکان دھنسنے لگیں اور زمیں پلٹنے لگے

نوازؔ ہم ہی تھے جو راستہ نہیں بدلہ

وہ زلزلہ تھے کے دریا بھی رہ سے ہٹنے لگے

مغالطہ ہے عروج و زوال تھوڑی ہے (غزل)

مغالطہ ہے عروج و زوال تھوڑی ہے

ہماری آنکھ کے شیشہ میں بال تھوڑی ہے

ہمارے دل میں کبوتر نماز پڑھتے ہیں

ہمارے دل میں تعصب کا جال تھوڑی ہے

لبادہ برف کا اوڑھے ہوئے ہے جوالا مکھی

زمیں کے لاوے میں اب کے ابال تھوڑی ہے

ہیں ہم حسینی ہمیں سر کٹانا آتا ہے

ہمارے پاس یزیدانہ چال تھوڑی ہے

مرے حبیب کی تمثیل ڈھونڈنے والو

وو بے مثال ہے اس کی مثال تھوڑی ہے

ہر ایک شاخ سے جاڑے کی برف لپٹی ہے

ابھی درخت پے پتوں کی شال تھوڑی ہے

بروز عید بھی روزے کے جیسی حالت ہے

امیر شہر سے لیکن سوال تھوڑی ہے

کمال جتنا بھی ہے آگ کے بدن میں ہے

دھواں دھواں ہے دھوئیں میں کمال تھوڑی ہے

ازل سے چاند میں چرخہ چلا رہی ہے مگر

نوازؔ اب بھی وو بڑھیا نڈھال تھوڑی ہے

مزید غزلیں از نواز عصیمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں