پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نوید انجم کی غزلیں — Nawaid Anjum Ghazals

نوید انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے تاریک راتوں کا ستم سونے نہیں دیتا (غزل)

مجھے تاریک راتوں کا ستم سونے نہیں دیتا

بھلے ہی درد زیادہ ہو یا کم سونے نہیں دیتا

اداسی چیختی رہتی ہے اکثر دیر راتوں تک

مجھے ہستی کا ہر رنج و الم سونے نہیں دیتا

نہ جانے کتنے سایوں کا تعاقب ہے ابھی کرنا

مجھے اکثر یہی بس ایک غم سونے نہیں دیتا

ابھی حالات ہیں ایسے کہ ہر شے بکھری بکھری ہے

مسلسل ایک فکر بیش و کم سونے نہیں دیتا

کبھی دھن پہ تمہاری سانسوں کی میں سو بھی جاتا ہوں

کبھی زلفوں کا تیری پیچ و خم سونے نہیں دیتا

یہ جو ٹوٹے سے ہیں الفاظ سبھی میرے ہیں (غزل)

یہ جو ٹوٹے سے ہیں الفاظ سبھی میرے ہیں

جتنے بکھرے ہیں یہاں ساز سبھی میرے ہیں

آج کے دور زباں بندی میں مجھ کو اب تک

دے رہے ہیں جو اک آواز سبھی میرے ہیں

حکمراں ننگا ہے لیکن یہ کہے پھرتا ہے

ریشم و اطلس و کم خواب سبھی میرے ہیں

اک زمانے سے کلیجے سے رکھا ہے ان کو

دل میں پنہاں ہیں جو سب راز سبھی میرے ہیں

نغمہ زن جو تھے یہاں آج وہ ہیں جان بلب

جو بھی ہیں گیت کے دم ساز سبھی میرے ہیں

ذات کی ایک بلندی پہ پہنچنے کے لئے

بھیگے پر سے جو ہیں پرواز سبھی میرے ہیں

ہاں اسی طرح سے اک عمر گزاری ہے نویدؔ

چاہے جیسے ہوں یہ انداز سبھی میرے ہیں

مزید غزلیں از نوید انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں