Nawab Shahabadi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اکثر زمیں سے اڑ کے فلک پر گیا ہوں میں (غزل)
اکثر زمیں سے اڑ کے فلک پر گیا ہوں میں
مشکل تھا یہ کمال مگر کر گیا ہوں میں
میں جانتا تھا ہوگی نہ مجھ پر نظر کبھی
محفل میں ان کی پھر بھی برابر گیا ہوں میں
پتھر تراش کر کے تو اشور بنا دیا
اپنے ہی شاہکار سے کیوں ڈر گیا ہوں میں
روشن کیا ہے میں نے ہمیشہ وفا کا نام
دار و رسن کی سمت بھی اکثر گیا ہوں میں
ٹوکا ہر ایک گام پہ میرے ضمیر نے
جب بھی حدود شوق کے باہر گیا ہوں میں
مقتل کا حال دیکھا ہے میں نے قریب سے
کوچے میں قاتلوں کے بھی اکثر گیا ہوں میں
احساس مجھ کو اتنا بھی اب تو نہیں نوابؔ
میں جی رہا ہوں آج بھی کہ مر گیا ہوں میں
اس شجر پر کچھ دنوں تک آشیاں میرا بھی تھا (غزل)
اس شجر پر کچھ دنوں تک آشیاں میرا بھی تھا
چار رنگوں کا سہی لیکن مکاں میرا بھی تھا
حق تمہاری طرح ہر شے پر یہاں میرا بھی تھا
یہ زمیں میری بھی تھی یہ آسماں میرا بھی تھا
دیکھ لو میری جبیں پر بھی ہیں سجدوں کے نشاں
زندگی کے واسطے اک آستاں میرا بھی تھا
اس لیے ہونٹوں کو میرے پیاس چھو پاتی نہیں
دختر رز بھی مری پیر مغاں میرا بھی تھا
جانے کیوں دوزخ سے بد تر ہو گئے حالات آج
رشک جنت کل تلک ہندوستاں میرا بھی تھا
آزمایا ظرف کو میرے بھی دنیا نے نوابؔ
زیست کے ہر موڑ پر اک امتحاں میرا بھی تھا