پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نواب صدر محل صدر کی غزلیں — Nawab Sadr Mahal Sadr Ghazals

نواب صدر محل صدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جوش جنوں میں رات دن سب سے رہا الگ الگ (غزل)

جوش جنوں میں رات دن سب سے رہا الگ الگ

میں ہوں جدا الگ الگ لوگ جدا الگ الگ

میں نے بلائیں لینے کو ہاتھ بڑھائے جب ادھر

منہ کو پھرا کے یار نے مجھ سے کہا الگ الگ

شمع جلانے آئے ہیں آج وہ میری قبر پر

چلیو خدا کے واسطے باد صبا الگ الگ

خاک ہو زندگی بھلا تیرے مریض عشق کی

میں ہوں دوا سے دور دور مجھ سے دوا الگ الگ

ہجر میں خوب خاک اڑی ان کو ہوا نہ کچھ اثر

نالہ گئے الگ الگ آہ رسا الگ الگ

حسرت و آرزوئے وصل درد و مصیبت فراق

سب کا ہے لطف الگ الگ سب کا مزہ الگ الگ

صدرؔ وہ کم نصیب ہوں ہجر میں گر اٹھاؤں ہاتھ

باب قبول سے رہے میری دعا الگ الگ

مزید غزلیں از نواب صدر محل صدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں