پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نواب شاہجہاں بیگم شاہجہاں کی غزلیں — Nawab Shahjahan Begum Shahjahan Ghazals

نواب شاہجہاں بیگم شاہجہاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سرخ رو ہونے کے قابل کیا حنا تھی میں نہ تھا (غزل)

سرخ رو ہونے کے قابل کیا حنا تھی میں نہ تھا

آپ کے قدموں کے نیچے اس کو جا تھی میں نہ تھا

دیکھتے کیا ہو ادھر گر زلف برہم ہو گئی

یہ سراسر حرکت باد صبا تھی میں نہ تھا

جل گئے اغیار سب محفل میں آنے سے مرے

اے پری یہ گرمیٔ آہ رسا تھی میں نہ تھا

کیوں نہ اس حسرت سے میرا شیشۂ دل چور ہو

باغ تھا ساقی تھا سبزہ تھا ہوا تھی میں نہ تھا

خالق ہو خدائے سحر و شام ہمارا (غزل)

خالق ہو خدائے سحر و شام ہمارا

مشہور اسی نے یہ کیا نام ہمارا

آتی ہے ہوا سرد گھٹا اٹھتی ہے گھنگھور

منگواؤ صراحی و مئے و جام ہمارا

بیتابیٔ دل ان کے بھی دل میں تو اثر کر

مدت سے یہی تجھ سے ہے پیغام ہمارا

ہم کرتے ہیں حج کوچۂ دل دار کا اپنے

ہے چادر تن جامۂ احرام ہمارا

فرقت میں تری ساتھ دیا اپنا اسی نے

کام آیا بہت یہ دل ناکام ہمارا

کافر کیا مجھ کو تری اس زلف نے کافر

اس ل نے کھویا ترے اسلام ہمارا

دنیا میں بڑا شور ہے شکر شکنی کا

شیریںؔ جو تخلص میں ہوا نام ہمارا