پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nawab Nazeer Al Daula کی غزلیں — Nawab Nazeer Al Daula Ghazals

Nawab Nazeer Al Daula کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ملنے کی مجھے یار سے فرصت نہیں ملتی (غزل)

ملنے کی مجھے یار سے فرصت نہیں ملتی

اے مرگ ٹھہر جا ابھی رخصت نہیں ملتی

کچھ پیرہن یار کی نکہت نہیں ملتی

یوسف کی ہمیں اپنے بشارت نہیں ملتی

زردار سے دنیا کی بضاعت نہیں ملتی

گنجینہ خورشید سے دولت نہیں ملتی

ہے ہر نفس اک در نفیس اے دل ناداں

یہ جنس گراں ہے کہ بہ قیمت نہیں ملتی

یا ہم سے تھے ہر پل تری چتون کے اشارے

یا آنکھ بھی اب محو شرارت نہیں ملتی

ہم دل پہ لیے داغ جنوں جاتے ہیں آخر

کچھ اور نشانی دم رخصت نہیں ملتی

زنجیر ترے ہاتھ سے پہنوں گا گلے میں

گر سلسلۂ زلف میں بیعت نہیں ملتی

مت جان دے اس بت پہ دلا بہر خدا تو

کیا تجھ کو کوئی دوسری صورت نہیں ملتی

اب آنکھ ملانے کا نہیں یار سے یارا

دل اس سے ملا جس سے طبیعت نہیں ملتی

ان سے جو کسی نے کہا کشتے کو تمہارے

اس کوچے میں بھی جا پئے تربت نہیں ملتی

ہو کر وہ خفا کہنے لگے مردے تو در گور

زندوں کو یہاں جائے اقامت نہیں ملتی

اس غیرت عیسی کے جو غم میں ہوں گرفتار

دولہؔ مجھے مرنے کی بھی فرصت نہیں ملتی

وہ بھی کیا دن تھے جدا ہوتے نہ تھے اک دم کہیں (غزل)

وہ بھی کیا دن تھے جدا ہوتے نہ تھے اک دم کہیں

گردش افلاک سے اب تم کہیں اور ہم کہیں

تھم رہیں یا رب نہ اپنے دیدۂ پر نم کہیں

کم نہ ہو دنیا سے اب یہ چشمۂ زمزم کہیں

غم نہ کھا اے دل کہ دنیا کا یہی قانون ہے

نغمۂ شادی کہیں ہے نالۂ ماتم کہیں

اب یہ عالم ہے کہ اک عالم کا جی قربان ہے

او بت کافر نہ دیکھا تیرا سا عالم کہیں

گو پریشاں کر دے میری صرصر آہ اک جہاں

ہو نہ وہ زلف معنبر درہم و برہم کہیں

ظالم و بے رحم دنیا میں نہیں گر آپ سا

صابر و شاکر زیادہ مجھ سے ہوگا کم کہیں

غنچہ ساں خون جگر پی پی کے رہتے ہیں مدام

شکل گل ہو جائے ٹکڑے دل جو ہو خرم کہیں

عمر کے مانند ہر دم ہم سے رم ہے یار کو

چوکڑی بھولے ہرن کر دیکھ لے یہ رم کہیں

اس کی پستاں پر جو پھیرا ہاتھ وہ کہنے لگا

محروموں پر ڈالتے ہیں ہاتھ نامحرم کہیں

اس زمیں میں اور بھی دولہؔ سناؤ اک غزل

آپ کے سے شعر کا دیکھا نہیں عالم کہیں

مزید غزلیں از Nawab Nazeer Al Daula ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں