نواب معظم جاہ شجیع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سرد آہوں نے مرے زخموں کو آباد کیا (غزل)
سرد آہوں نے مرے زخموں کو آباد کیا
دل کی چوٹوں نے جو رہ رہ کے تجھے یاد کیا
مہربانی مرے صیاد کی دیکھے کوئی
جب خزاں آئی مجھے قید سے آزاد کیا
محفل ناز سے لایا جو یہاں تک ان کو
تو نے یہ کام عجب اے دل ناشاد کیا
میکشوں نے اسے ساقی کا اشارہ سمجھا
جھک کے شیشے نے جو ساغر سے کچھ ارشاد کیا
دل بے تاب کو مشکل سے سنبھالا تھا مگر
ضبط غم نے مجھے آمادۂ فریاد کیا
کام جب کچھ نہ بنا عشق کی ناکامی سے
درد نے آپ کو شرمندۂ بیداد کیا
خود مجھے بھی نہیں بربادی کا احساس شجیعؔ
اس سلیقے سے کسی نے مجھے برباد کیا
نظر سے چھپ گئے دل سے جدا تو ہونا تھا (غزل)
نظر سے چھپ گئے دل سے جدا تو ہونا تھا
اس اہتمام سے تم کو خفا تو ہونا تھا
وفا خود اپنے مقابل ہوئی محبت میں
ترے ستم کی کوئی انتہا تو ہونا تھا
کہاں پہنچ کے رکے آپ بے وفائی سے
لحاظ میری وفا کا ذرا تو ہونا تھا
سنور کے آئنہ دیکھا تو ہنس کے فرمایا
وہ سامنے ہیں مگر سامنا تو ہونا تھا
اگر ادھر سے وہ گزرے ہیں بے خیالی میں
قریب دل کوئی آواز پا تو ہونا تھا
وہ لے گئے ہیں اگر بوئے گل کو ساتھ شجیعؔ
کم از کم آج چمن میں صبا تو ہونا تھا