Naved Jafri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ ہو ذکر ہجر و وصال کا دل مبتلا اسے بھول جا (غزل)
نہ ہو ذکر ہجر و وصال کا دل مبتلا اسے بھول جا
جو کبھی گرفت وفا میں تھا وہ کہاں رہا اسے بھول جا
کوئی کرب و شوق وصال میں رہا عمر بھر عجب حال میں
کسی اور کا وہ نصیب تھا سو نہیں ملا اسے بھول جا
نئی الفتوں کے خمار میں کسی بے وفا کے وہ پیار میں
تجھے رت جگے جو عطا کیا وہ چلا گیا اسے بھول جا
جو محبتوں کا جمال تھا وہ منافقت میں کمال تھا
وہ برا سہی یا بھلا سہی جو کہا سنا اسے بھول جا
مرے روز و شب ہی بدل گئے ترے غم کے سانچے میں ڈھل گئے
مرے دل سے آئی یہی صدا اسے بھول جا اسے بھول جا
وہ چلا گیا تجھے چھوڑ کر تو بھٹک رہا ہے غم اوڑھ کر
جو تھا تیرے دل کے قریب تر ترا وہم تھا اسے بھول جا
اے نویدؔ وقت کے گھاؤ سے یہ محبتوں کے الاؤ سے
جہاں زخم تجھ کو ملے نیا وہاں مسکرا اسے بھول جا
فکر و نظر کے باب جہاں مسترد ہوئے (غزل)
فکر و نظر کے باب جہاں مسترد ہوئے
جہل و جنوں کے خواب جہاں مستند ہوئے
اک سیل بے اماں ہے مرے غم کا کارواں
کیا کیا حسین لوگ سپرد لحد ہوئے
دیوانگی کبھی مرا مسلک نہیں رہی
گم آ کے تیری بزم میں ہوش و خرد ہوئے
آنسو کا میرے رنگ تب و تاب وہ کہاں
دامن میں یوں تو آپ کے گلہائے صد ہوئے
دنیا سمجھ رہی تھی کہ بد کار ہیں مگر
بدنام پہلے ہم ہوئے پھر جا کے بد ہوئے
میں بحر بیکراں سی محبت کا ہوں امین
آنسو تمہاری چاہ میں میری سند ہوئے
غیروں کو تھام کر نہ ہمیں بے مقام کر
ہم ہر خوشی سے تیرے لیے نابلد ہوئے
الہام نظم کرتے رہے ہیں نویدؔ ہم
شاعر تھے اہل زر تو نہ تھے مسترد ہوئے