پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناوک لکھنوی کی غزلیں — Navak Lakhnavi Ghazals

ناوک لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بٹھا رکھا ہے دروازے پہ کیوں دربان ہولی میں (غزل)

بٹھا رکھا ہے دروازے پہ کیوں دربان ہولی میں

گلے ملتا ہے ہر انسان سے انسان ہولی میں

بڑھاپے میں نظر آئی خدا کی شان ہولی میں

بنی ہیں ان سے زائد ان کی اماں جان ہولی میں

حسینوں سے بھرا ہے رنگ کا میدان ہولی میں

مری رکھنا تو ہی اب آبرو بھگوان ہولی میں

کسی رخ سے کوئی عاشق نکل کر جا نہیں سکتا

حسینوں نے لگا رکھا ہے چوہے دان ہولی میں

ابھی رنگین خالی تن ہے من بھی لال ہو جائے

تم اپنے ہاتھ سے ہم کو کھلا دو پان ہولی میں

بنام رنگ چھو سکتے ہیں سب کے گورے گالوں کو

وہی مشکل جو کل تک تھی وہ ہے آسان ہولی میں

سسر سے ساس سے اور سالیوں کے بعد سالوں سے

گلے مل کر نکالے جائیں گے ارمان ہولی میں

جوانی میں ہوئی شادی بڑھاپے میں ہوا بچہ

جوا کھیلا دیوالی میں ہوا چالان ہولی میں

سب اس صورت سے کھیلیں رنگ ناوکؔ ایک دل ہو کر

رہے پھر مرد عورت کی نہ کچھ پہچان ہولی میں

نہ ہماری ہے یہ اردو نہ تمہاری اردو (غزل)

نہ ہماری ہے یہ اردو نہ تمہاری اردو

بلکہ ہر قوم کی ہے راج دلاری اردو

سر کئے اس نے اکیلے ہی ہزاروں میداں

کسی میدان میں اب تک نہیں ہاری اردو

اب بھی اسٹیج پہ بھاشن جو دیا جاتا ہے

بولتے اس میں بھی ہیں رام بہاری اردو

اس کو ہر ملک کا انسان سمجھ لیتا ہے

اس سے ہر شخص کو ہے آج بھی پیاری اردو

جو مخالف ہیں بظاہر انہیں معلوم نہیں

رات دن بولتی ہے ان کی کہاری اردو

پاک ہر عیب سے ہے اور بھی دامن اس کا

گنگا جمنا کے ہے پانی سے نکھاری اردو

کہیں غالبؔ کی ہیں نظمیں کہیں چکبست کی ہیں

شیخ و پنڈت نے ہے مل جل کے سنواری اردو

آج سناٹے میں کہتی ہے یہ بھارت ماتا

تم کو معلوم نہیں ہم کو ہے پیاری اردو

دوستوں کے لئے پیغام مسرت ہے مگر

دشمنوں کے لئے بے شک ہے کٹاری اردو

کوٹ پتلون پہن کر بھی نہ چھوڑی ہم نے

ہم نے کھدر کی بنا ڈالی ہے ساری اردو

نوجوانان‌‌ وطن سے ہے یہ ناوکؔ کا پیام

مرتے مرتے بھی زباں پر رہے جاری اردو

مزید غزلیں از ناوک لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں