ناوک حمزہ پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زہرآب حیات پی رہا ہوں (غزل)
زہرآب حیات پی رہا ہوں
حیرت ہے کہ پھر بھی جی رہا ہوں
کس کس کی زبان بند کرتا
خود اپنے ہی ہونٹ سی رہا ہوں
طالب ہے فرشت گی کی دنیا
اور میں فقط آدمی رہا ہوں
کیا کم ہے یہ سانحہ کہ میں ہی
ان آنکھوں کی کرکری رہا ہوں
سورج سے لڑانے والا آنکھیں
میں ہی سورج مکھی رہا ہوں
روداد حیات ہے بس اتنی
پامال ستم گری رہا ہوں
اپنی ہی نگہ میں ناوکؔ اب تک
یہ سچ ہے کہ اجنبی رہا ہوں
نہ اپنی قوت دانش نہ قدرت بینش (غزل)
نہ اپنی قوت دانش نہ قدرت بینش
سخنوروں نے نہ چھوڑی گداگروں کی روش
تقاضہ گرچہ زمانے کا ہے سکوت طلب
ضمیر چیخ رہا ہے لبوں کو دو جنبش
ہوا یہ حال کہ ہاتھوں سے حال بھی پھسلا
سمیٹنے کی جو ماضی کو میں نے کی کوشش
شفق کے خون کا غازہ ہے شام کے رخ پر
مہہ و نجوم نے سورج سے چھین لی تابش
علامتوں کے تراشیں نئے نئے پیکر
عروس لفظ کو پہنائیے نئی پوشش
غم حیات ہوا ہے عذاب جاں ناوکؔ
سلائیے ابدی نیند دے کے مجھ کو وش
ٹیچر نے یہ پوچھا آ کر (نظم)
ٹیچر نے یہ پوچھا آ کر
رات اور دن ہوتے ہیں کیوں کر
اپنی سیٹ پہ پپو اٹھا
اور فراٹے سے یوں بولا
یہ سورج اک روشن شے ہے
نارنگی سی گول زمیں ہے
دھرتی اپنی کیل پہ چکر
کھاتی رہتی ہے ہر دم سر
چوبیس گھنٹوں میں اک پھیرا
کرتی ہے یہ دھرتی پورا
چکر کھانے میں جو حصہ
سورج کی جانب ہے رہتا
اس حصہ میں دن رہتا ہے
ناوکؔ نے یوں ہی لکھا ہے
اس کی الٹی سمت اندھیرا
آدھے حصے میں ہے رہتا
یعنی رات وہاں رہتی ہے
مجھ کو تو معلوم یہی ہے