پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nausha Asrar کی غزلیں — Nausha Asrar Ghazals

Nausha Asrar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خدا کرے کہ نیا سال خوش خرام آئے (غزل)

خدا کرے کہ نیا سال خوش خرام آئے

لیے خوشی کا محبت کا یہ پیام آئے

بجھا دے پیاس جو رندان عشق کی یکسر

محبتوں کا چھلکتا ہوا وہ جام آئے

ہوئیں ہماری قبائیں لہو لہو جس جا

اسی گلی سے ہمارے لیے سلام آئے

وفا کے پھول کھلیں خار دار شاخوں پر

کسی کے لب پہ نہ جور و جفا کا نام آئے

بدل بھی سکتی ہے شعلہ زبان گفت و شنید

نیا ہے سال تو شاید نیا کلام آئے

بدل رہی ہے جو تاریخ آدم و حوا

تو انقلاب دعا ہے کہ تیز گام آئے

یہ دھوپ‌ چھاؤں کا موسم بہت ہوا یارب

بہار آئے جو گلشن میں وہ دوام آئے

تیرے آنے کا مرے دوست بھرم رکھا ہے (غزل)

تیرے آنے کا مرے دوست بھرم رکھا ہے

وہ مرا دل ہے جہاں تو نے قدم رکھا ہے

تو ہے ساقی تو مری جان مری پیاس نہ پوچھ

خم کا خم تو نے جو رکھا ہے یہ کم رکھا ہے

میری سانسوں میں بسی ہے وہی خوشبو اب تک

اس نے بھی زلفوں میں اب تک وہی خم رکھا ہے

دیکھ تو عشق کی شدت کہ تری چاہت میں

بت شکن نے ترے پتھر کو صنم رکھا ہے

یوں ہنسی آتی ہے بے بات پہ اکثر ہم کو

ہم نے سینے میں چھپا کر کوئی غم رکھا ہے

چاک گردش میں ہے پھر جام نئے ابھریں گے

ہم نے مٹی کو اسی آس پہ نم رکھا ہے

فیصلہ جنگ کا اس بار انوکھا ہوگا

ہم نے تلوار کے بازو میں قلم رکھا ہے

ڈوب جاتا تھا سورج ہر اک شام کو (نظم)

ڈوب جاتا تھا سورج ہر اک شام کو

روشنی چاند کی تھی فقط نام کو

آسماں پہ ستارے چمکتے بھی تھے

صرف ان کے لئے

جن کے گھر میں ہزاروں دیے گھی کے جلتے تھے اور جو کھلی چھت پہ تکتے تھے تاروں کو بس دل لگی کے لئے

ان ستاروں کی کرنیں کبھی میری کاپی قلم اور کتابوں کو اتنی نہ تھیں

جن سے میں پڑھ سکوں

کام کچھ کر سکوں

میرے گھر میں اندھیرا اندھیرا اندھیرا تھا بس

اندھیروں کے پردوں سے گر جھانکتا تھا کوئی تو وہ تھی لالٹین

اک حسیں مہ جبیں

ٹین کی وہ بنی تار سے وہ جڑی

تیرگی میں مرے ساتھ ہر دم کھڑی

تحفۂ نور کا اک خزانہ لئے

اور عوض میں اسے چاہئے تھا فقط تیل مٹی کا

اس کی لو کی حفاظت کی خاطر جو دیوار تھی

وہ تھی شیشے کی

چار آنے کے شیشے میں لیکن بہت زور تھا

وہ ہواؤں سے لڑتا جھگڑتا انہیں مات دیتا کئی زخم کھاتا

مگر چار پیسے کی بتی کی لو کو وہ بجھنے نہ دیتا

کہ میں پڑھ سکوں

آج میں ہوں جہاں نور ہی نور ہے

روشنی کا سمندر ہے بکھرا ہوا

چاند تاروں کی چادر ہے سر پر مرے

اور مری لالٹین کہیں بھی نہیں

پر کسے ہے خبر

میرے بچپن کی ساتھی یہیں ہے کہیں

مجھ میں وہ دفن ہے

مزید غزلیں از Nausha Asrar ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں