پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nau Bahar Sabir کی غزلیں — Nau Bahar Sabir Ghazals

Nau Bahar Sabir کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بادل امبر پہ نہ دھرتی پہ شجر ہے بابا (غزل)

بادل امبر پہ نہ دھرتی پہ شجر ہے بابا

زندگی دھوپ میں صحرا کا سفر ہے بابا

تم کہاں آ گئے شیشوں کی تمنا لے کر

یہ تو اک سنگ فروشوں کا نگر ہے بابا

ہم ہیں قید در و دیوار سے آزاد ہمیں

جس جگہ رات گزاری وہی گھر ہے بابا

من ہو درویش تو پھر تن پہ قبا ہو کہ عبا

جوگ بانا نہیں انداز نظر ہے بابا

بطن ہر سنگ میں دیکھے جو کوئی پیکر ناز

کس کو حاصل وہ صنم ساز نظر ہے بابا

سوچ کر دشت تمنا میں قدم رکھ صابرؔ

اس مروتھل میں بہ ہر گام خطر ہے بابا

ظلمت شب سے الجھنا ہے سحر ہونے تک (غزل)

ظلمت شب سے الجھنا ہے سحر ہونے تک

سر کو ٹکرانا ہے دیوار میں در ہونے تک

اب تو اس پھول کی نکہت سے مہکتی ہے حیات

زخم دل زخم تھا تہذیب نظر ہونے تک

دل ہی جلنے دو شب غم جو نہیں کوئی چراغ

کچھ اجالا تو رہے گھر میں سحر ہونے تک

ہم پہ بیداد وہ کرتے ہیں تو حیرت کیسی (نظم)

ہم پہ بیداد وہ کرتے ہیں تو حیرت کیسی

عشق ہے جس کو وطن سے اسے راحت کیسی

خون رگ رگ میں تڑپتا تھا نکلنے کے لئے

تیغ قاتل نے نکالی مری حسرت کیسی

جو گدایان وطن ہیں انہیں آرام کہاں

عیش مقسوم میں ان کے کہاں عشرت کیسی

جن کے دل درد وطن سے سدا ناشاد رہے

کیا خبر ان کو کہ ہوتی ہے مسرت کیسی

غیر خوں چوس رہے تھے ہمیں معلوم نہ تھا

سونے والوں پہ تھی چھائی ہوئی غفلت کیسی

ہر نفس اپنا شرر بار ہے دشمن کے لئے

مشتعل دل میں ہوئی آتش غیرت کیسی

ٹھان لی قید غلامی سے نکل جانے کی

دل جو آزاد ہے صیاد حراست کیسی

خدمت ملک کی خاطر جو ہو نازل ہم پر

یہ تو آرام ہے راحت ہے مصیبت کیسی

جان دینے کو جو تیار ہیں بھارت کے لئے

ان کو تلوار کا ڈر دار کی دہشت کیسی

دیش بھگتی کا جو صابرؔ نے ترانہ گایا

کیا کہیں ہم کو میسر ہوئی فرحت کیسی

مزید غزلیں از Nau Bahar Sabir ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں