پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناصر نظامی کی غزلیں — Nasir Nizami Ghazals

ناصر نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گردشوں کے ہیں مارے ہوئے نہ دشمنوں کے ستائے ہوئے ہیں (غزل)

گردشوں کے ہیں مارے ہوئے نہ دشمنوں کے ستائے ہوئے ہیں

جتنے بھی زخم ہیں میرے دل پر دوستوں کے لگائے ہوئے ہیں

جب سے دیکھا ترا قد و قامت دل پہ ٹوٹی ہوئی ہے قیامت

ہر بلا سے رہے تو سلامت دن جوانی کے آئے ہوئے ہیں

اور دے مجھ کو دے اور ساقی ہوش رہتا ہے تھوڑا سا باقی

آج تلخی بھی ہے انتہا کی آج وہ بھی پرائے ہوئے ہیں

کل تھے آباد پہلو میں میرے اب ہیں غیروں کی محفل میں ڈیرے

میری محفل میں کر کے اندھیرے اپنی محفل سجائے ہوئے ہیں

اپنے ہاتھوں سے خنجر چلا کر کتنا معصوم چہرہ بنا کر

اپنے کاندھوں پہ اب میرے قاتل میری میت اٹھائے ہوئے ہیں

مہ وشوں کو وفا سے کیا مطلب ان بتوں کو خدا سے کیا مطلب

ان کی معصوم نظروں نے ناصرؔ لوگ پاگل بنائے ہوئے ہیں

اس شہر بے نیاز کے لوگوں کی خو نہ پوچھ (غزل)

اس شہر بے نیاز کے لوگوں کی خو نہ پوچھ

کس کس ادا سے کرتے ہیں دل کا لہو نہ پوچھ

اہل وفا کی کرتے ہیں کیا کیا یہ خاطریں

خود مل کے ان کو دیکھ کبھی مجھ سے تو نہ پوچھ

لگتی ہیں ہر گلی میں محبت کی بولیاں

بکتی یہاں ہے جنس وفا کو بہ کو نہ پوچھ

اک آن میں ہی دل کا جزیرہ جھلس گیا

شہر بدن میں ایسی چلی غم کی لو نہ پوچھ

آب حیات سے بھی کڑا ہے ترا حصول

میں پھر بھی تیری کرتا ہوں کیوں جستجو نہ پوچھ

ناصرؔ تمہاری ذات کی خاطر جہان میں

کس کس کو میں نے اپنا کیا ہے عدو نہ پوچھ

مزید غزلیں از ناصر نظامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں