پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناصر امروہوی کی غزلیں — Nasir Amrohvi Ghazals

ناصر امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن جاناں کہ قیامت ہے اٹھائے رکھے (غزل)

حسن جاناں کہ قیامت ہے اٹھائے رکھے

شہر کے شہر کو دیوانہ بنائے رکھے

ایک وہ شخص یہاں تھا تو بڑی رونق تھی

کون اس شہر میں اب شمعیں جلائے رکھے

دل پریشاں تھا مگر جان تمہاری خاطر

چہرہ شاداب رکھا بال بنائے رکھے

ہجر میں حال سے بے حال ہوئے ہیں خود ہی

کس میں ہمت ہے کہ کمرے کو سجائے رکھے

دل ناداں کو عجب کام دیا قدرت نے

خانۂ جاں میں سدا شور مچائے رکھے

وہ جو اوجھل ہے نگاہوں سے مگر دل میں ہے

گر وہ چاہے تو مری بات بنائے رکھے

شیوۂ حسن تو انکار ہی ٹھہرا ناصرؔ

عشق کو چاہئے امید لگائے رکھے

تمہارے جانے کا غم مناؤں گا دیکھ لینا (غزل)

تمہارے جانے کا غم مناؤں گا دیکھ لینا

میں ہجر صحرا میں خاک اڑاؤں گا دیکھ لینا

مرا یہ دعویٰ ہے مدتوں تک میں بن کے آنسو

تمہاری آنکھوں میں جھلملاؤں گا دیکھ لینا

وہ ساری غزلیں جو بس تمہارے لیے لکھی تھیں

وہ اب میں ہر شخص کو سناؤں گا دیکھ لینا

یہ تم جو مجھ سے ذرا سی باتوں پہ روٹھتے ہو

میں ساری دنیا سے روٹھ جاؤں گا دیکھ لینا

تمہاری صحبت میں اتنا خوش ہوں کہ ہنس رہا ہوں

تمہاری فرقت میں خوں بہاؤں گا دیکھ لینا

وہ اک سمندر اداسیوں کا جو روح میں ہے

میں اس سمندر میں ڈوب جاؤں گا دیکھ لینا

تمہاری چوکھٹ پہ جان دے کر امر رہوں گا

تمہاری نبضوں میں تھرتھراؤں گا دیکھ لینا

وہ خط تمہارے جو جان سے بھی عزیز تر ہیں

میں ایک اک کر کے سب جلاؤں گا دیکھ لینا

اک اس کا غم ہی مرا مقدر کوئی ہے ناصرؔ

ابھی تو میں کتنے غم اٹھاؤں گا دیکھ لینا

وہ مجھ سے سخت نالاں تھی (نظم)

وہ مجھ سے سخت نالاں تھی

سو اس نے مجھ کو لکھ بھیجا

تعلق ختم ہے ناصر

مجھے اب کال مت کرنا

کوئی میسج اگر آیا تو تم کو بلاک کر دوں گی

اگر ملنے کی سوچو گے

تو پھر تم سوچ لینا اب

سو میں نے بھی یہ لکھ بھیجا

کہ جاناں ہم محبت کی

اب اس منزل پہ آ پہنچے

جہاں سے واپسی کا اب کوئی بھی راستہ کب ہے

تعلق توڑ دینے سے

تعلق ٹوٹتا کب ہے