پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nasir Ansari کی غزلیں — Nasir Ansari Ghazals

Nasir Ansari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جس کی طلب تھی مجھ کو وہ راحت کہاں ملی (غزل)

جس کی طلب تھی مجھ کو وہ راحت کہاں ملی

تم مل گئے تمہاری محبت کہاں ملی

کیا کیا دئے ہیں چشم تصور نے بھی فریب

میرے خیال سے تری صورت کہاں ملی

دل کا دیار حسن میں جا کر ملا سراغ

کھوئی کہاں تھی اور یہ دولت کہاں ملی

وہ بزم مے کدہ ہو کہ خلوت گہہ حرم

دل کو خیال دوست فرصت کہاں ملی

اس نے تو ایک بار بھی دیکھا نہ پیار سے

مجھ کو مری وفاؤں کی قیمت کہاں ملی

تلووں سے خار چنتے رہے ہیں تمام عمر

آوارگان شوق کو راحت کہاں ملی

کہتے ہیں جس کو عشق مقدر کی بات ہے

سب کو خدا کے گھر سے یہ دولت کہاں ملی

جی تو بہل گیا تری محفل میں کچھ مگر

مجھ کو غم حیات سے فرصت کہاں ملی

گزرا ہے درد حد سے تو ہنسنے لگا ہوں میں

ناصرؔ وگرنہ مجھ کو مسرت کہاں ملی

اس جور و جفا کی دنیا میں یوں داد وفا دی جاتی ہے (غزل)

اس جور و جفا کی دنیا میں یوں داد وفا دی جاتی ہے

معصوم کو پھانسی ملتی ہے قاتل کو دعا دی جاتی ہے

کس طرح بھلا قائم ہوگی ایسے میں فضا یکجہتی کی

نفرت کے بھڑکتے شعلوں کو دامن سے ہوا دی جاتی ہے

دنیا سے نرالا اے گلچیں انصاف ہے تیرے گلشن کا

دامن سے الجھتے ہیں کانٹے پھولوں کو سزا دی جاتی ہے

جو کام خلاف فطرت ہو اس کام میں استحکام نہیں

کہنے کو تو کاغذ کی کشتی پانی میں چلا دی جاتی ہے

پیراہن کمخاب و ریشم اک بار گراں ہے جن کے لئے

ان پھول سے نازک جسموں کو زخموں کی قبا دی جاتی ہے

ادبار و نحوست کا بادل اس وقت برستا ہے گھر گھر

پاکیزہ روایت ماضی کی جب دل سے بھلا دی جاتی ہے

اب حق کے علم برداروں پر ہے نفس پرستی کا غلبہ

اس دور زبوں میں ہر سچی آواز دبا دی جاتی ہے

جب دامن دل ہو جاتا ہے احساس کی دولت سے خالی

رسوائی و ذلت قوموں کی تقدیر بنا دی جاتی ہے

اخلاق و اخوت کی باتیں ہیں سب کی زبانوں پر لیکن

منصب کی ہوس میں آپس کی تفریق بڑھا دی جاتی ہے

عالم ہے وہ کبر و نخوت کا جھکتے نہیں روح و دل اپنے

دربار خدا میں اے ناصرؔ گردن تو جھکا دی جاتی ہے

مزید غزلیں از Nasir Ansari ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں