Nasir Ali Syed کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ اور بات کہ موجود اپنے گھر میں ہوں (غزل)
یہ اور بات کہ موجود اپنے گھر میں ہوں
میں تیری سمت مگر مستقل سفر میں ہوں
نہ جانے اگلی گھڑی کیا سے کیا میں بن جاؤں
ابھی تو چاک پہ ہوں دست کوزہ گر میں ہوں
میں اپنی فکر کی تجسیم کس طرح سے کروں
بریدہ دست ہوں اور شہر بے ہنر میں ہوں
نہ جانے کون سا موسم مجھے ہرا کر دے
نمو کے واسطے بے تاب ہوں شجر میں ہوں
یہ دوستی بھی عجب چوب خشک ہے ناصرؔ
نبھا رہا ہوں مگر ٹوٹنے کے ڈر میں ہوں
ایک انہونی کا ڈر ہے اور میں (غزل)
ایک انہونی کا ڈر ہے اور میں
دشت کا اندھا سفر ہے اور میں
حسرت تعمیر پوری یوں ہوئی
حسرتوں کا اک نگر ہے اور میں
بام و در کو نور سے نہلا گیا
ایک اڑتی سی خبر ہے اور میں
مشغلہ ٹھہرا ہے چہرے دیکھنا
اس کے گھر کی رہ گزر ہے اور میں
جب سے آنگن میں اٹھی دیوار ہے
اس حویلی کا کھنڈر ہے اور میں
وقت کے پردے پہ اب تو روز و شب
اک تماشائے دگر ہے اور میں
جانے کیا انجام ہو ناصرؔ مرا
ایک یار بے خبر ہے اور میں