پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نسیم زاہد کی غزلیں — Nasim Zahid Ghazals

نسیم زاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آئنے سے کلام کرتے ہوئے (غزل)

آئنے سے کلام کرتے ہوئے

زندگی جھوم اٹھی سنورتے ہوئے

کتنے ہجر و وصال لہرائے

دیکھ کے ریل کو گزرتے ہوئے

بے وفائی پھسل کے چیخ اٹھی

پیار کی سیڑھیاں اترتے ہوئے

مان بیٹھی ہے جب مجھے سایہ

دھوپ کیوں آ رہی ہے ڈرتے ہوئے

ظلم ڈھائے ہیں عمر بھر تو نے

اب معافی نہ مانگ مرتے ہوئے

کیا کہوں کیا سکوں ملا زاہدؔ

اس کے دروازے پہ ٹھہرتے ہوئے

کسی کے حسن کی جلوہ گری نے مجھ کو لوٹا ہے (غزل)

کسی کے حسن کی جلوہ گری نے مجھ کو لوٹا ہے

زمیں کے چاند کی رخشندگی نے مجھ کو لوٹا ہے

کبھی میں نام لے کے اس کو رسوا کر نہیں سکتا

سمجھ لو یہ کہ زندہ شاعری نے مجھ کو لوٹا ہے

میں اس کو جسم پہناؤں تو ہوگی وہ ستمگر سی

سفر میں زیست کے جس آگہی نے مجھ کو لوٹا ہے

نہ کوئی ہم سفر میرا نہ کوئی راہبر میرا

بڑے آرام سے آوارگی نے مجھ کو لوٹا ہے

بھٹکتا پھر رہا ہوں میں تمناؤں کی دنیا میں

غضب ہے ہر قدم پر زندگی نے مجھ کو لوٹا ہے

ادھر تم ہو کہ صبح کر و فر ہے مہرباں تم پر

ادھر میں ہوں کہ شام بیکسی نے مجھ کو لوٹا ہے

اے چرخ نیلگوں سچ مچ کوئی حیرت نہیں مجھ کو

فرشتہ بن کے جو اک آدمی نے مجھ کو لوٹا ہے

ستارو مجھ سے اس کا تذکرہ کیوں کرتے رہتے ہو

تمہیں معلوم ہے جب چاندنی نے مجھ کو لوٹا ہے

لب اظہار وا کر کے پڑا ہے کوئی زنداں میں

مجھے دیکھو کہ جبر خامشی نے مجھ کو لوٹا ہے

کسی کے غم پہ اک دن مسکرایا تھا حقارت سے

کہوں کیا کس طرح میری خوشی نے مجھ کو لوٹا ہے

میں اک مغرور دریا تھا چلو اچھا ہوا زاہدؔ

بڑی شائستگی سے اک ندی نے مجھ کو لوٹا ہے

مزید غزلیں از نسیم زاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں