ناشاد اورنگ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بھیجتا ہوں آپ کو اپنی پسندیدہ غزل (غزل)
بھیجتا ہوں آپ کو اپنی پسندیدہ غزل
تازہ تازہ ناشنیدہ اور نادیدہ غزل
داستان حسن بھی ہے یہ سراپا حسن بھی
سنگ مرمر سے مثال بت تراشیدہ غزل
میرؔ غالبؔ ذوقؔ و مومنؔ پر بھی تھی جاں سے نثار
تھی بہادر شاہ کی ہر چند گرویدہ غزل
شہرۂ آفاق ہے اس کا جمال فکر و فن
ساری اصناف سخن میں ہے جہاں دیدہ غزل
پارہ پارہ ہو نہ جائے ماہ پارہ دیکھیے
ہے ہوس ناکوں کے ہاتھوں آج رنجیدہ غزل
شعر کی آمد نہیں ہوتی ہے کیا ناشادؔ اب
شاعران عصر تو کہتے ہیں پیچیدہ غزل
ہم اچھے مضامین کو غارت نہیں کرتے (غزل)
ہم اچھے مضامین کو غارت نہیں کرتے
بچوں کی طرح ایسی شرارت نہیں کرتے
غزلوں کی تو ہر طرح سے کرتے ہیں حفاظت
بھولے سے بھی نظموں کی تجارت نہیں کرتے
ڈھہ جائے جو اک ریت کی دیوار کی صورت
تعمیر ہواؤں میں عمارت نہیں کرتے
سہہ لیتے ہیں دانستہ بھی حالات کے دھکے
لیکن شہ جابر کی سفارت نہیں کرتے
گزری جو صدی تیری تھی اب میری ہے میری
غالب سے یہ کہنے کی جسارت نہیں کرتے
اردو کے کچھ ایسے بھی سخنور ہیں جو ناشادؔ
اردو میں کلام اپنا عبارت نہیں کرتے