پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نصیر احمد ناصر کی غزلیں — Naseer Ahmad Nasir Ghazals

نصیر احمد ناصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ستارہ شام سے نکلا ہوا ہے (غزل)

ستارہ شام سے نکلا ہوا ہے

دیا بھی طاق میں رکھا ہوا ہے

کہیں وہ رات بھی مہکی ہوئی ہے

کہیں وہ چاند بھی چمکا ہوا ہے

ابھی وہ آنکھ بھی سوئی نہیں ہے

ابھی وہ خواب بھی جاگا ہوا ہے

کسی بادل کو چھو کر آ رہی ہے

ہوا کا پیرہن بھیگا ہوا ہے

زمیں بے عکس ہو کر رہ گئی ہے

فلک کا آئنہ میلا ہوا ہے

خموشی جھانکتی ہے کھڑکیوں سے

گلی میں شور سا پھیلا ہوا ہے

ہوا گم صم کھڑی ہے راستے میں

مسافر سوچ میں ڈوبا ہوا ہے

کوئی نیندوں میں خوشبو گھولتا ہے

دریچہ خواب کا مہکا ہوا ہے

کسی گزرے برس کی ڈائری میں

تمہارا نام بھی لکھا ہوا ہے

چراغ شام کی آنکھیں بجھی ہیں

ستارہ خواب کا ٹوٹا ہوا ہے

سفر کی رات ہے ناصرؔ دلوں میں

عجب اک درد سا ٹھہرا ہوا ہے

درد کے پیلے گلابوں کی تھکن باقی رہی (غزل)

درد کے پیلے گلابوں کی تھکن باقی رہی

جاگتی آنکھوں میں خوابوں کی تھکن باقی رہی

پانیوں کا جسم سہلاتی رہی پروا مگر

ٹوٹتے بنتے حبابوں کی تھکن باقی رہی

دید کی آسودگی میں کون کیسے دیکھتا

درمیاں کتنے حجابوں کی تھکن باقی رہی

فلسفے سارے کتابوں میں الجھ کر رہ گئے

درس گاہوں میں نصابوں کی تھکن باقی رہی

بارشیں ہوتی رہیں ناصرؔ سمندر کی طرف

ریگزاروں میں سرابوں کی تھکن باقی رہی

کبھی تم نے دیکھا ہے (نظم)

کبھی تم نے دیکھا ہے

خوابوں سے آگے کا منظر

جہاں چاند تاروں سے روٹھی ہوئی

رات اپنے برہنہ بدن پر

سیہ راکھ مل کر

الاؤ کے چاروں طرف ناچتی ہے!

کبھی تم نے جھانکا ہے

پلکوں کے پیچھے

تھکی نیلی آنکھوں کے اندر

جہاں آسمانوں کی ساری اداسی

خلا در خلا تیرتی ہے

کبھی تم نے اک دن گزارا ہے

رستوں کے دونوں طرف ایستادہ

گھنے سبز پیڑوں کے نیچے

جہاں دھوپ اپنے لیے

راستہ ڈھونڈھتی ہے!

کبھی تم نے پوچھا ہے

چلتے ہوئے راستے میں

کسی اجنبی سے

پتا اس کے گھر کا

ہوا جس کے قدموں کے مٹتے نشاں چومتی ہے

نگر در نگر گھومتی ہے!!

مزید غزلیں از نصیر احمد ناصر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں