پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نصیر آرزو کی غزلیں — Naseer Arzoo Ghazals

نصیر آرزو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اتنا مانوس ہے دل آپ کے افسانے سے (غزل)

اتنا مانوس ہے دل آپ کے افسانے سے

اب کسی طور بہلتا نہیں بہلانے سے

جام و مینا کے تعین سے ہے بالا ساقی

ظرف دیکھا نہیں جاتا کسی پیمانے سے

آؤ تجدید وفا پھر سے کریں ہم ورنہ

بات کچھ اور الجھ جائے گی سلجھانے سے

ہے سمجھنا تو محبت سے گزر اے ہمدم

بات آئے گی سمجھ میں نہ یوں سمجھانے سے

اب نہ چاہیں گے کسی اور کو تسلیم مگر

فائدہ کیا ہے مرے سر کی قسم کھانے سے

میں تہی ہوش سہی آپ کا ارشاد بجا

آپ بے کار الجھنے لگے دیوانے سے

آرزوؔ شکوہ بہ لب ہو تو رہے ہو لیکن

فائدہ گزری ہوئی بات کو دہرانے سے

جگر میں درد تو ہے دل میں اضطراب تو ہے (غزل)

جگر میں درد تو ہے دل میں اضطراب تو ہے

تمہارے غم میں مری زندگی خراب تو ہے

میں صرف تیرہ شبی پر یقیں نہیں رکھتا

ابھی زمیں پہ چمکنے کو آفتاب تو ہے

ابھی سرور کے اسباب پائے جاتے ہیں

کہ مے کدے میں صراحی تو ہے شراب تو ہے

ہر ایک شخص زمانے میں انقلابی ہے

کہ انقلاب نہیں فکر انقلاب تو ہے

گزر رہی ہے تصور میں زندگی اپنی

اب آرزوؔ نہ سہی آرزو کا خواب تو ہے

مزید غزلیں از نصیر آرزو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں