پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نصیر احمد انصاری کی غزلیں — Naseer Ahmad Ansari Ghazals

نصیر احمد انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ نوازش یہ عنایت یہ عطا رہنے دے (غزل)

یہ نوازش یہ عنایت یہ عطا رہنے دے

بس بہت ہو چکا اب اور وفا رہنے دے

میری ہستی سے خدا کے لئے اب اور نہ کھیل

یہ دیا بجھ ہی گیا ہے تو بجھا رہنے دے

اس نے آنے کو کہا ہے تو وہ آئے گا ضرور

قصر امید کا دروازہ کھلا رہنے دے

اے مسیحا نہ ابھی کر مرے زخموں کا علاج

اور کچھ روز چمن دل کا کھلا رہنے دے

جی سکوں جس کے سہارے مرے دل پر ایسا

اپنی یادوں کا کوئی نقش بنا رہنے دے

لوٹنے والے مرا لوٹ لے سب کچھ لیکن

پاس میرے مری جاگیر انا رہنے دے

فیصلہ تیرے مقدر کا یہیں سے ہوگا

سر اسی در پہ نصیرؔ اپنا جھکا رہنے دے

بدلی بدلی تری نظر کیوں ہے (غزل)

بدلی بدلی تری نظر کیوں ہے

تو خفا مجھ سے اس قدر کیوں ہے

گفتگو میں اگر مگر کیوں ہے

بات کہنے میں تجھ کو ڈر کیوں ہے

دل کے زخموں کو چاک کرنے میں

یہ پس و پیش چارہ گر کیوں ہے

چاند اترا ہے شاید آنگن میں

روشنی اتنی میرے گھر کیوں ہے

شہر میں ہے اگر امان تو پھر

سہما سہما سا ہر بشر کیوں ہے

کیا زوال اس کا آ گیا ہے قریب

ظلم اتنا عروج پر کیوں ہے

یہ بھی سوچا ہے کیا نصیرؔ کبھی

ہر دعا تیری بے اثر کیوں ہے

مزید غزلیں از نصیر احمد انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں