Naseem Zaidi Trishul کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لو آج نئے انداز میں پھر ایک بات پرانی کہتے ہیں (غزل)
لو آج نئے انداز میں پھر ایک بات پرانی کہتے ہیں
جو آگ لگا دے تن من میں ہم اس کو جوانی کہتے ہیں
رسوائی تری منظور نہیں اظہار کریں تو کیسے کریں
ہم اپنی محبت کا قصہ اشکوں کی زبانی کہتے ہیں
گر آنچ کبھی تجھ پر آئے میں اپنی جان لٹا دوں گا
جو کام کسی کے آ نہ سکے اس خون کو پانی کہتے ہیں
ہے فصل بہاراں آج مگر کل دور خزاں بھی آئے گا
کیا سوچ کے تم اتراتی ہو اس حسن کو فانی کہتے ہیں
دیوانوں کو اس سے کیا مطلب وہ پت جھڑ ہو یا موسم گل
جس رت میں یار ہو پہلو میں اس رت کو سہانی کہتے ہیں
دم گھٹنے لگا ہے اب میرا خاموش رہوں آخر کب تک
روداد محبت کو میری سب رام کہانی کہتے ہیں
یہ روگ نہیں یہ جوگ نہیں سنجوگ کی ہیں ساری باتیں
سب لوگ نہ جانے کیوں تجھ کو اک پریم دیوانی کہتے ہیں
دل بہلتا ہی نہیں ہے جب کسی تدبیر سے (غزل)
دل بہلتا ہی نہیں ہے جب کسی تدبیر سے
حال دل کہتا ہوں اپنا میں تری تصویر سے
تیرگی چھائی ہوئی ہے اس قدر اب چار سو
جیسے روشن ہی نہ ہوگی زندگی تنویر سے
اپنے ہاتھوں سے بگاڑا میں نے جب تقدیر کو
پھر کروں کیوں کر شکایت کاتب تقدیر سے
دل میں پہلے ہی غم و آلام دنیا کم نہ تھے
اور گھائل ہو گیا تیرا نظر کے تیر سے
اب نہ رنگیں خواب مستقبل کے دکھلاؤ مجھے
خوب واقف ہوں میں ایسے خواب کی تعبیر سے
کچھ عجب عالم ہے دل کا جب سے تیرا خط پڑھا
تجھ کو کیا معلوم دل کتنا دکھا تحریر سے
صرف مایوسی کی دلدل ہے جدھر بھی دیکھیے
ہم کو یہ تحفہ ملا ہے حسن کی جاگیر سے