پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نسیم سید کی غزلیں — Naseem Syed Ghazals

نسیم سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمام لہجوں میں لہجہ وہی جو پیار کا ہے (غزل)

تمام لہجوں میں لہجہ وہی جو پیار کا ہے

تمام تحفوں میں تحفہ اک اعتبار کا ہے

خزاں کے بیج زمینوں میں بو کے بیٹھے ہیں

اور انتظار کسی موسم بہار کا ہے

کسی بھی کار جنوں میں کوئی خسارہ نہیں

خسارہ کوئی اگر ہے تو انتظار کا ہے

تمام سود و زیاں کا حساب رہتا ہے

تعلقات کا ہر لہجہ کاروبار کا ہے

جواب دوں ترے لہجے میں دل یہ کہتا ہے

میں چپ رہوں یہ تقاضا مرے وقار کا ہے

زرد پتوں کی یہ رت کیا کیا نہ سمجھائے مجھے (غزل)

زرد پتوں کی یہ رت کیا کیا نہ سمجھائے مجھے

ہر تھکا ہارا شجر آئینہ دکھلائے مجھے

دیر تک مہکا کیا ویرانۂ کنج خیال

اس سے مل کے موتیے کے پھول یاد آئے مجھے

اپنی گہرائی کا مجھ کو خود بھی اندازہ نہیں

خود میں جب ڈوبوں سمندر سا نظر آئے مجھے

گردش تقدیر کے کچھ ہیں مسلسل دائرے

ہر جنم میرا غلط تحریر کر جائے مجھے

حسرت تعمیر میں مٹی مری برباد ہو

جرأت اظہار دیواروں میں چنوائے مجھے

میری ہستی کو وہ جیسے چاہے ویسے حل کرے

ضرب دے مجھ کو کبھی تقسیم کر جائے مجھے

تم آخر اس قدر کیوں رو رہی ہو (نظم)

تم آخر اس قدر کیوں رو رہی ہو

بدشگونی مت کرو

یہ تو دعائیں مانگنے کا وقت ہے

شاید وہ

''ہاں'' کہہ دیں

چلو اٹھو

یہ اپنے سارے آنسو

ذات کی تکریم کی باتیں

یہ اپنا آگہی کا فلسفہ

سب ضبط کے سرپوش سے ڈھانکو

نظر نیچی رہے

بے چارگی کی شال

ماتھے تک گھسیٹو

اور

اپنے کانپتے ہاتھوں سے

اپنی ذات کا یہ خوان

ان کے سامنے چن دو

خدا رکھے بڑے تاجر ہیں

گہری ہے نظر ان کی

تمہاری سانولی رنگت

اور اس پر ہوش کی باتیں

مجھے تو ہول آتا ہے

کہیں وہ

''نا''

نہ کہہ دیں

مزید غزلیں از نسیم سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں