پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نسیم شیخ کی غزلیں — Naseem Shaikh Ghazals

نسیم شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں کھو چکا ہوں عجب راستے بناتے ہوئے (غزل)

میں کھو چکا ہوں عجب راستے بناتے ہوئے

تلاش کرتا ہوں اب زائچے بناتے ہوئے

خود اپنی راہ کی دیوار کر دیا خود کو

محبتوں میں نئے زاویہ بناتے ہوئے

بچھا کے جھیل تخیل کے ایک صحرا میں

تجھے بھلاؤں گا میں دائرے بناتے ہوئے

نکل چکا ہوں میں اپنی حدود سے آگے

نئی ردیف نئے قافیے بناتے ہوئے

یہ حادثہ بھی مجھے پیش آ گیا افسوس

کہ آئنہ سا ہوا آئنے بناتے ہوئے

نگل چکا ہوں ہزاروں ہی جام تلخی کے

سرور جاں کے لیے ذائقے بناتے ہوئے

زمیں سے ابھرا تو پھر آسماں نے کچلا مجھے

کہیں کا میں نہ رہا مرتبے بناتے ہوئے

خود اپنے پاؤں کی زنجیر بن گیا میں تو

دلوں کے بیچ نئے سلسلے بناتے ہوئے

پلٹ کے دیکھا نہیں میں نے زندگی کی طرف

میں دوڑتا رہا بس ہم کو تھے بناتے ہوئے

ملی ہیں موج نسیمیؔ کی قربتیں مجھ کو

عقیدتوں کے نئے ضابطے بناتے ہوئے

بنا کے تاج محل خود اسے گراؤں گا (غزل)

بنا کے تاج محل خود اسے گراؤں گا

محبتوں میں بغاوت ہے کیا دکھاؤں گا

قلم لگا کے عداوت کے پیڑ پودوں میں

جو شاخ صبر کا پھل دے وہی اگاؤں گا

اتر چکی ہے مری روح میں شب ہجراں

میں اس کو ہجر کی منکوحہ اب بناؤں گا

غموں کی آنچ پر آنسو ابال کر اپنے

میں اپنے ضبط کی قوت کو آزماؤں گا

چلا ہوں باد مخالف میں ایک مدت سے

نہ چھیڑو مجھ کو وگرنہ تمہیں رلاؤں گا

کرو نہ فکر ستاروں کی چال جو بھی ہو

اٹھا کے چاند چکوری کے پاس لاؤں گا

لگا کے سینے سے میں راستوں کے یہ پتھر

خزاں میں گیت بہاروں کے گنگناؤں گا

میں تشنگی کو مٹانے کے واسطے صحرا

لبوں سے تیرے میں یہ آبلے لگاؤں گا

بھنور کے پیروں میں حسرت کے باندھ کر گھنگھرو

گر اختیار میں ہوگا تو میں نچاؤں گا

میں ایک موج‌‌ نسیمیؔ ہوں بستیاں دل کی

سراب دشت ترے سامنے بساؤں گا

مزید غزلیں از نسیم شیخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں