پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naseem Shahjahanpuri کی غزلیں — Naseem Shahjahanpuri Ghazals

Naseem Shahjahanpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن مائل بہ ستم ہو تو غزل ہوتی ہے (غزل)

حسن مائل بہ ستم ہو تو غزل ہوتی ہے

عشق بادیدۂ نم ہو تو غزل ہوتی ہے

پھول برسائیں کہ وہ ہنس کے گرائیں بجلی

کوئی بھی خاص کرم ہو تو غزل ہوتی ہے

کبھی دنیا ہو کبھی تم کبھی تقدیر خلاف

روز اک تازہ ستم ہو تو غزل ہوتی ہے

دامن ضبط چھٹے چور ہو یا شیشۂ دل

حادثہ کوئی اہم ہو تو غزل ہوتی ہے

شکن گیسوئے دوراں ہی پہ موقوف نہیں

ان کی زلفوں میں بھی خم ہو تو غزل ہوتی ہے

چارہ گر لاکھ کریں کوشش درماں لیکن

درد اس پر بھی نہ کم ہو تو غزل ہوتی ہے

راز تخلیق غزل ہم کو ہے معلوم نسیمؔ

جام ہو مے ہو صنم ہو تو غزل ہوتی ہے

تنہائی کے لمحات کا احساس ہوا ہے (غزل)

تنہائی کے لمحات کا احساس ہوا ہے

جب تاروں بھری رات کا احساس ہوا ہے

کچھ خود بھی ہوں میں عشق میں افسردہ و غمگیں

کچھ تلخئ حالات کا احساس ہوا ہے

کیا دیکھیے ان تیرہ نصیبوں کا ہو انجام

دن میں بھی جنہیں رات کا احساس ہوا ہے

وہ ظلم بھی اب ظلم کی حد تک نہیں کرتے

آخر انہیں کس بات کا احساس ہوا ہے

بازی گہہ عالم میں تو اک کھیل ہے جینا

اس کھیل میں کب مات کا احساس ہوا ہے

رخ پر ترے بکھری ہوئی زلفوں کا یہ عالم

دن کا تو کبھی رات کا احساس ہوا ہے

کچھ خود بھی وہ نادم ہیں نسیمؔ اپنی جفا پر

کچھ میری شکایات کا احساس ہوا ہے

مزید غزلیں از Naseem Shahjahanpuri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں