Naseem Sahar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی تو ذہن کے در پر ضرور دستک دے (غزل)
کوئی تو ذہن کے در پر ضرور دستک دے
اگر شعور نہ دے لا شعور دستک دے
طلوع صبح کا منظر عجیب ہوتا ہے
جب آسماں سے صدائے طیور دستک دے
اس انتظار میں ہے میرا قصر بے خوابی
کہ کوئی نیند پری کوئی حور دستک دے
فصیل شہر تمنا کی تیرگی بھی چھٹے
کبھی تو اس پہ کوئی صبح نور دستک دے
پھر ایک بار عذاب شکستگی سے گزر
پھر اس کے در پہ دل ناصبور دستک دے
انا کے خول سے نکلیں تو یوں بھی ممکن ہے
در فقیر پہ دست غرور دستک دے
ہم اور نور کی خیرات مانگنے جائیں
ہمارے در پہ تو خود کوہ طور دستک دے
مجھے غیاب کا عالم زیادہ راس آیا
مگر کبھی کبھی شوق ظہور دستک دے
حدود وقت کے دروازے منتظر ہیں نسیمؔ
کہ تو یہ فاصلے کر کے عبور دستک دے
دھوپ سے جسم بچائے رکھنا کتنا مشکل ہے (غزل)
دھوپ سے جسم بچائے رکھنا کتنا مشکل ہے
خود کو سائے سائے رکھنا کتنا مشکل ہے
ظاہر میں جو رستہ سیدھا لگتا ہو اس پر
اپنے پیر جمائے رکھنا کتنا مشکل ہے
آوازوں کی بھیڑ میں اتنے شور شرابے میں
اپنی بھی اک رائے رکھنا کتنا مشکل ہے
ہم سے پوچھو ہم دل کو سمجھایا کرتے تھے
وحشی کو سمجھائے رکھنا کتنا مشکل ہے
صرف پرندے کو معلوم ہے تیز ہواؤں میں
اپنے پر پھیلائے رکھنا کتنا مشکل ہے
آج کی رات ہوائیں بے حد سرکش لگتی ہیں
آج چراغ جلائے رکھنا کتنا مشکل ہے
دوستیوں اور دشمنیوں کی زد میں رہ کے نسیمؔ
اپنا آپ بچائے رکھنا کتنا مشکل ہے
اس نے یہ سوچ کے توڑا تھا (نظم)
اس نے یہ سوچ کے توڑا تھا
مرا دل
کہ مرے دل میں کوئی عکس ہی
اس کا نہ رہے
اب یہ عالم ہے
کہ جتنے بھی ہیں دل کے ٹکڑے
عکس اتنے ہی مرے دل میں ہیں
شامل اس کے