Naseem Razzaq کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ٹوٹ کر خوشیوں کا سارا سلسلہ رہ جائے گا (غزل)
ٹوٹ کر خوشیوں کا سارا سلسلہ رہ جائے گا
زندگی سے صرف رشتہ درد کا رہ جائے گا
بند کمرے سے لرزتے سائے بھی مٹ جائیں گے
بس چراغوں سے دھواں اٹھتا ہوا رہ جائے گا
لوگ کر دیں گے مجھے تیری گلی میں سنگسار
اور تو کھڑکی سے یونہی جھانکتا رہ جائے گا
ختم صدیوں تک نہ ہوگا چند لمحوں کا سفر
میرے قدموں پر لپٹ کر راستہ رہ جائے گا
گردش حالات جب چہرہ بدل دے گی مرا
آئنہ حیرت سے مجھ کو دیکھتا رہ جائے گا
آندھیاں غم کی اڑا لے جائیں گی بوئے حنا
آنسوؤں میں ڈوب کر رنگ حنا رہ جائے گا
ایک اشک غم بچا رکھا ہے بس اپنے لیے
بہہ گیا یہ بھی تو اپنے پاس کیا رہ جائے گا
آ نہ پائے گا ابھر کر میرے ہونٹوں پر نسیمؔ
بس تبسم دل کے زخموں میں چھپا رہ جائے گا
مزید غزلیں از Naseem Razzaq ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں