نسیم راغبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شب غم گر دکھائیں گے تڑپ درد نہاں والے (غزل)
شب غم گر دکھائیں گے تڑپ درد نہاں والے
تڑپ اٹھیں گے آواز فغاں سے آسماں والے
ستم کی بجلیوں کا دور ہے جس دن سے گلشن میں
سب اپنے آشیانوں میں ہیں لرزاں آشیاں والے
انہیں افکار مرگ و زیست سے مطلب نہیں کچھ بھی
بڑے آرام سے ہیں آسماں پر آسماں والے
نسیمؔ اک سحر فن پر جب سے ہم نے فتح پائی ہے
جہاں میں ہو گئے مشہور ہم جادو بیاں والے
جا کے منزل پر حقیقت کی ٹھہرنا چاہیے (غزل)
جا کے منزل پر حقیقت کی ٹھہرنا چاہیے
عشق پر مرنے سے پہلے ہم کو مرنا چاہیے
ہاں دکھا دے اے خیال برق غم اپنا اثر
آبلہ پائے تخیل کا ابھرنا چاہیے
موت نے آ کر دکھایا ہستیٔ درماندہ کو
جادۂ ہستی سے یوں آگے گزرنا چاہیے
بن سنور کر آتی ہے مشاطۂ فصل بہار
داغہائے دل کے پھولوں کو نکھرنا چاہیے
سننے والوں کے دلوں پر کیف طاری ہو نسیمؔ
یوں مضامین غزل میں رنگ بھرنا چاہیے
مزید غزلیں از نسیم راغبی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں