Naseem Noor Mahali کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
داغ دل داغ تمنا مل گیا (غزل)
داغ دل داغ تمنا مل گیا
دل لگانے کا نتیجہ مل گیا
اس سخی کی بارگہہ میں کیا کمی
جس نے جو کچھ اس سے مانگا مل گیا
ان کے دامن تک پہنچ اب بھی نہیں
خاک میں مل کر مجھے کیا مل گیا
اب کمی بیشی کا رونا کس لیے
جو مقدر میں لکھا تھا مل گیا
تھی ترے در سے طلب ہر ایک کو
مغتنم ہے جس کو جتنا مل گیا
سینکڑوں الزام لاکھوں تہمتیں
ان سے ملنے کا نتیجہ مل گیا
لکھ گئے وہ میرے مدفن پر نسیمؔ
خاک میں مل کر تجھے کیا مل گیا
ایک ہے پھر بھی ہے خدا سب کا (غزل)
ایک ہے پھر بھی ہے خدا سب کا
اس کا اس کا مرا ترا سب کا
حسن مستور کو عیاں کر دے
ایک ہو جائے مدعا سب کا
جرم دل کی سزا ملی مجھ کو
میں نے پایا لیا دیا سب کا
نزع میں دے گئے جواب حواس
اعتبار آج اٹھ گیا سب کا
ایک بیگانہ خو کو دل دے کر
میں گنہ گار ہو گیا سب کا
میں کسی کا نہیں سوا جس کے
ہائے وہ ہے مرے سوا سب کا
ایسی کیا ہو گئی خطا مجھ سے
مجھ پہ ہے جور ناروا سب کا
سب کو چھوڑا ہے میں نے جس کے لئے
وہ ستم گر ہے آشنا سب کا
ایک منزل ہے اے نسیمؔ مگر
جادۂ شوق ہے جدا سب کا