نسیم نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیوں مچلتا ہے مدعا کیا ہے (غزل)
کیوں مچلتا ہے مدعا کیا ہے
دل ناداں تجھے ہوا کیا ہے
اس مسیحا نفس سے پوچھیں گے
آخر اس درد کی دوا کیا ہے
تم کسی روز آ کے خلوت میں
کاش پوچھو کہ مدعا کیا ہے
دل کبھی ان سے رسم و راہ نہ رکھ
جو نہیں جانتے وفا کیا ہے
دل کے چاروں طرف دھواں ہی دھواں
یا الٰہی یہ ماجرا کیا ہے
اپنا کاسہ تو بھر گیا صاحب
مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے
آپ غالبؔ ہیں آپ ہی جانیں
ابر کیا چیز ہے ہوا کیا ہے
نہ جواب اچھا ہے اے دل نہ سوال اچھا ہے (غزل)
نہ جواب اچھا ہے اے دل نہ سوال اچھا ہے
بس وہ جس حال میں رکھے وہی حال اچھا ہے
کون سا رنگ ہے جو اس پہ نہیں پھبتا ہے
کیونکہ ہر رنگ میں وہ رنگ جمال اچھا ہے
جس طرف اٹھتی ہیں دیوانہ بنا دیتی ہیں
آپ کی نظروں میں صاحب یہ کمال اچھا ہے
آپ کو دیکھ کے بیمار شفا پائے گا
آپ آ جائیں تو بیمار کا حال اچھا ہے
میری قسمت کی لکیروں کو بدل کر مجھ سے
وہ ابھی کہہ کے گئے ہیں کہ یہ سال اچھا ہے
عشق کی راہ یہ مانا کہ ہے دشوار نسیمؔ
اس حقیقت کو سمجھ اس کا مآل اچھا ہے